پی ایس ایل تھری میں ناقص کارکردگی پر برینڈن میکولم نے پہلی بار خاموشی توڑ دی
دبئی : لاہور قلندرز کے کپتان میک کولم نے پاکستان سپر لیگ تھری میں ٹیم کی ناقص کارکردگی پر خاموشی توڑ دی۔
پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں مسلسل 6 ناکامیوں اور ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کے بعد لاہور قلندرز کی ٹیم بالآخر جاگ گئی ہے اور مسلسل دو میچوں میں کامیابی حاصل کر لیلیکن لاہور کے کپتان برینڈن میکولم کے لیے بقیہ دو میچوں میں فتح بھی اہمیت کی حامل ہے اور ان کی پوری توجہ انہی میچوں پر ہے۔کراچی کنگز کے خلاف سپر اوور میں فتح کے بعد نیوزی لینڈ سے تعلق رکھنے والے جارح مزاج کھلاڑی نے گفتگو کرتے ہوئے ایونٹ میں لاہور قلندرز کی غلطیوں پر کھل کر بات کی اور بتایا کہ کیسے انہوں نے کپتانی چھوڑنے اور عمر اکمل کے حوالے سے سوچا۔
انہوں نے کہا کہ اگر ہم اہم مواقعوں پر مخلص ہوتے تو ہمیں وہ میچ جیتنے چاہیے تھے۔ہم نے وہ اہم مواقعے ضائع کیے ۔اگر ہم وہ جیت جاتے تو ہم ابتدائی 6 میچوں میں جیت سکتے تھے۔ابتدائی 6 ناکامیوں پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں شکست سے برا نہیں مناتا لیکن آسانی سے زیر نہیں ہونا چاہیے۔اتنے زیادہ جوش و جذبے سے کھیلیں جتنا ممکن ہو، اگر کسی حریف کو شکست دینا مشکل ہے تو کوئی بات نہیں لیکن ایسے موقع بھی تھے جن پر سوال اٹھ سکتا ہے کہ ہم نے کتنی کوشش کی۔
میکولم نے تصدیق کی کہ انہوں نے کپتانی چھوڑنے کے بارے میں بھی سوچا اور اس کا بات کا اظہار ساتھی کھلاڑیوں سے کیا جنہوں نے اس پر ردعمل کا اظہار کیا اور ٹیم کے لیے کھڑے ہوئے۔آغا سلمان کے حوالے سے میکولم نے کہا کہ وہ بہت ہی ٹھنڈے مزاج کا کھلاڑی ہے، چاہے جتنا ہی دباؤ کیوں نہ ہو، آپ جب بھی اس کی آنکھوں میں دیکھیں گے تو وہ پرسکون نظر آئے گا۔
اپنی رائے کا اظہار کریں