نیوزی لینڈ نے چوتھے ون ڈے میچ میں پاکستان کو 5وکٹوں سے شکست دیدی
ہملٹن:نیوزی لینڈ نے چوتھے ون ڈے میں پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے گئے چوتھے ون ڈے میں گرین شرٹس کے 263 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کیویز نے 46 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر مقررہ ہدف پورا کرلیا۔ہملٹنمیں کھیلے گئے ون ڈے میچ میں پاکستانی بولرز نے کیویز کی 5 وکٹیں گرادیں لیکن نیوزی لینڈ کے گرینڈ ہوم نے کریز پر آکر میچ کا نقشہ ہی پلٹ دیا اور چھٹی وکٹ کی شراکت میں 25 گیندوں پر 50 رنز بناکر پاکستان کو مسلسل چوتھی شکست کے خطرے سے دوچار کردیا۔
اس سے قبل پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 262 رنز بنائے۔پاکستان کی طرف سے فخر زمان، سرفراز احمد اور حارث سہیل نے نصف سنچریاں اسکور کیں اور بالترتیب 54، 51 اور 50 رنز بنائے۔محمد حفیظ نے شاندار 81 رنز اسکور کیے، آخری اوور میں 22 رنز بنے۔
فہیم اشرف 1، بابر اعظم 3، شعیب ملک 6 اور حسن علی 1 رن بنا پائے جبکہ شاداب خان 6 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
نیوزی لینڈ کے ٹم ساؤتھی نے 3 جبکہ کین ولیمسن نے پاکستان کے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔پاکستان کی اننگز کے دوران آل راؤنڈر شعیب ملک سر پر گیند لگنے سے زخمی ہوگئے۔شعیب ملک کو گراؤنڈ میں ہی طبی امداد دے دی گئی، تاہم 6 رنز پر آؤٹ ہونےکے بعد انہیں آرام کا مشورہ دیا گیا، جس کے باعث وہ آج کا میچ مزید نہیں کھیل پائے۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کو سیریز میں پہلے ہی 0-3 کی برتری حاصل تھی۔ویلنگٹن میں کھیلے گئے پہلے ایک روزہ میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو ڈک ورتھ لوئس سسٹم کے تحت 61 رنز سے شکست دی تھی۔دوسرے ون ڈے میچ میں بارش کے باعث نیوزی لینڈ کی اننگز 25 اوورز تک محدود کردی گئی تھی، اس میچ میں بھی کیویز نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
ڈنیڈن میں کھیلے گئے تیسرے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 183 رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 0-3 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی تھی۔
اپنی رائے کا اظہار کریں