لیژر لیگ: دوسرے میچ میں رونالڈینو سیون نے گیگز سیون کو دو-صفر سے شکست دیدی
لاہور: لیژر لیگ کے دوسرے اور آخری نمائشی میچ میں رونالڈینو سیون نے گگز سیون کو دو کے مقابلے صفر گول سے شکست دے دی۔
لاہور کے فورٹریس اسٹڈیم میں کھیلے جارہے اس میچ کے پہلے کوارٹر میں رونالڈینو نے گول کرنے کا ایک آسان موقع کھودیا جب ڈیوڈ جیمز نے بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان کی شوٹ روک لی۔
دوسرے کوارٹر میں لوئس بوا مورٹے کے پاس کی بدولت ریاض نے بہترین گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کو ایک-صفر کی سبقت دلوادی۔ رونالڈینو نے گول کرنے کی ایک بہترین کوشش کی تاہم ان کی کک گول پوسٹ سے چند انچز کے فاصلے پر رہی۔ تیسرے کوارٹر میں رونالڈینو کے پاس کی بدولت حسن بشیر نے ایک گول اور کرکے اپنی ٹیم کی جیت کا تقریباً یقینی بنادیا اور اس طرح رونالڈینو سیون یہ میچ دو-صفر سے جیت گئی۔
نمائشی میچ کھیلنے والے پاکستانی فٹبالرز میں محمد رسول، محمد عیسیٰ، عزیز رازق، محمد عادل، عدنان، محمد علی، احمد، یوسف بٹ، صدام حسین، کلیم اللہ، سعد اللہ، حسن بشیر، محمد ریاض اور کامران شامل تھے۔ لاہور میں آج کے میچ کے لئے سیکیورٹی کے خصوصی اقدامات کئے گئے جب کہ شائقین فٹبال کو گراؤنڈ تک لے جانے کے لئے خصوصی شٹل سروس چلائی گئی۔
فورٹ ریس گراؤنڈ کے اطراف پاک فوج کے اہلکار تعینات ہیں اور شرکا کو جامع تلاشی کے بعد گراؤنڈ تک جانے کی اجازت دی گئی۔ گزشتہ روز کراچی کے عبدالستار ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں رونالڈینیو کی ٹیم نے گگز کی ٹیم کو 2-3 سے شکست دی تھی
اپنی رائے کا اظہار کریں