دورۂ انگلینڈ، ویسٹ انڈین ٹیم میں بڑے اسٹارز پھر نظرانداز
جمیکا: دورئہ انگلینڈ کیلیے ویسٹ انڈین ٹیم میں بڑے اسٹارز پھر نظرانداز کردیے گئے، کرس گیل، ڈیرن براوو ، ڈیرن سیمی اور مارلون سموئلز انگلینڈ کیلیے اعلان کردہ 15 رکنی اسکواڈ میں جگہ نہیں بناسکے۔
نئے پلیئرز کائل ہوپ اور ریمون ریفر کی قسمت چمک گئی، دونوں پلیئرز کو انگلینڈ کیخلاف 17 اگست سے ایجبسٹن میں شروع ہونیوالی سیریز میں ٹیسٹ ڈیبیو کا موقع مل سکتا ہے تاہم سیمی، سموئلز اور براؤو کی محدود اوورز کے میچز میں شمولیت کا امکان ابھی باقی ہے۔
واضح رہے کہ ویسٹ انڈین ٹیم گذشتہ 6 سیریز میں ناکام رہی ہے انھوں نے آخری سیریز فتح 2014 میں بنگلہ دیش کیخلاف حاصل کی ہے، ٹیسٹ رینکنگ میں کیریبیئن سائیڈ کا موجودہ نمبر8 ہے، وہ صرف زمبابوے اور بنگلہ دیش سے ہی بہتر ہیں، بیٹسمین وشال سنگھ بھی ٹیسٹ اسکواڈ میں جگہ برقرار نہیں رکھ پائے، پاکستان کیخلاف رواں برس اپریل، مئی میں منعقدہ سیریز میں ناکامی پر کیریبیئن سلیکٹرز نے وشال کو آئندہ ماہ شیڈول دورے سے ڈراپ کردیا، وہ پاکستان سے ہوم سیریز کی 6 اننگز میں 32 سے زائد اسکور نہیں بناپائے تھے، جو انگلش سرزمین پر منعقد ہونے والا پہلا ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ بھی شمار ہوگا، اس کے بعد دونوں ممالک ہیڈنگلے اور لارڈز میں بھی مدمقابل آئیں گے، ان کے علاوہ آل راؤنڈر کیمار روئچ بھی تقریباً ڈیڑھ برس بعد ملکی ٹیم میں واپس آگئے، انھوں نے جنوری 2016 میں آخری بار جزائز کی نمائندگی کی تھی۔
ٹور کیلیے ویسٹ انڈین سلیکٹرز نے گذشتہ دن 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا، جس میں دو نئے چہرے بیٹسمین کائل ہوپ اور گیانا سے تعلق رکھنے والے فاسٹ بولنگ آل راؤنڈر ریمون ریفر شامل ہیں، کائل ہوپ نے رواں ماہ کے اوائل میں بھارت کیخلاف ہوم سیریز میں ون ڈے انٹرنیشنل ڈیبیو کیا ہے، ٹیم سے ڈراپ ہونے پر روئچ نے ڈومیسٹک فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ میں اپنی صلاحیتوں کو نکھارا، وہ بارباڈوس کیلیے 16.17 کی اوسط سے 23 وکٹیں لینے میں کامیاب رہے، اسی طرح ریفل نے بھی گیانا کیلیے 21.58 کی اوسط سے 36 وکٹیں لینے کے علاوہ 37.08 کی اوسط سے 445 رنز بھی اسکور کیے۔
ٹیم کے انتخاب پر کرکٹ ویسٹ انڈیز ( سی ڈبلیو آئی ) سلیکشن پینل کے چیئرمین کارٹنی براؤن نے کہا کہ ریفر اور کائل ہوپ ٹیسٹ کرکٹ میں اگرچہ نووارد ہوں گے لیکن انھیں فرسٹ کلاس کرکٹ کا خاصا تجربہ ہے۔
اپنی رائے کا اظہار کریں