انڈر19 ورلڈکپ:پاکستان نے اپنے آخری میچ میں سری لنکا کو 3 وکٹوں سے شکست دیدی
وانگیری:نیوزی لینڈ میں ہونیوالے انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستان نے اپنے آخری میچ میں سری لنکا کیخلاف کامیابی حاصل کرلی۔ شاہینوں نے 189 رنز کا ہدف43.3 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر کامیابی سے حاصل کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ میں جاری جونیئر کرکٹ ورلڈ کپ میں گروپ ڈی کے 18 ویں میچ میں سری لنکن ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 188 رنز بنا کر آﺅٹ ہوگئی،ڈینیئل53 اور باندرا37 رنز بنا کر نمایاں بیٹسمین رہے۔
پاکستان کی جانب سے سلیمان شفقت نے شاندار باﺅلنگ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ شاہین شاہ آفریدی نے2 ،ارشد اقبال نے1 ،محمد زید عالم نے ایک اور کپتان حسان خان نے بھی ایک وکٹ حاصل کی۔
گرین شرٹس نے 189 رنز کا ہدف 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا،علی زریاب آصف نے سب سے زیادہ59 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ محمد زید عالم28 ،عماد عالم12 ،محمد طہٰ24 رنز بنا سکے جبکہ کپتان حسان خان 24 اور محمد موسیٰ23 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔
آئی لینڈرز کی جانب سے رشمیکا نے سب سے زیادہ تین وکٹیں حاصل کیں۔فاتح ٹیم کی جانب سے علی زریاب کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔خیال رہےکہ پاکستان کی ورلڈ کپ میں یہ دوسری فتح ہے جبکہ پہلے میچ میں اسے افغانستان کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
اپنی رائے کا اظہار کریں