نوجوانو تیار ہوجاو ،،، قلندرز رائزنگ سٹار آ رہا ہے
پاکستان سپر لیگ پاکستان کرکٹ تاریخ میں وہ ایونٹ ثابت ہوا کہ جس نے کرکٹ کے معیار اور تقاضوں کو ہی بدل کر رکھ دیا اور نوجوانوں میں امید کی ایک نئی لہر دوڑا دی کہ پاکستان کی جانب سے کھیلنے کے علاوہ یہ بھی ایک پلیٹ فارم ہے کہ جس کا حصہ بن کر دولت اور شہرت کو حاصل کیا جا سکتا ہے،،، یہ بھی ماننا پڑے گا اس میگا ایونٹ کی بدولت یوتھ کو یہ بھی اندازہ ہوگیا کہ کرکٹ کھیلنے کے لیے کس درجے کی اہلیت ،، فٹنس اور فیلڈنگ کا معیار حاصل کرنے پڑے گا کیونکہ سب نے دیکھا کہ پی ایس ایل تھری میں نا صرف عمدہ فیلڈنگ دیکھنے میں آئی بلکہ ایسے ایسے ناقابل یقین کیچز بھی دیکھنے کو ملے کہ جو پاکستانی کرکٹرز سے کبھی توقع ہی نہیں کی جاتی تھی،،،، یوں تو پی ایس ایل کی شرائط میں شامل ہے کہ ہر فرنچائز اپنے علاقے میں گراس روٹ لیول پر ایسے پروگرامز کو عملی جامہ پہنائے گی کہ جس سے یوتھ میں کرکٹ کی آگاہی اور شوق بڑھے ،،، مگر ہم دیکھ رہے ہیں کہ ماسوائے دو فرنچائزز کے باقی ٹیم مالکان اس خوامخواہ کے خرچے سے عاری ہیں اور محض پی ایس ایل کے نزدیک اپنے فینز کی توجہ حاصل کروانے کے لیے چند ایسے شوز کروا دیتی ہے جس سے ان کی شہرت تو بڑھتی ہے مگر نوجوان نسل کو کوئی فائدہ نہیں پہنچتا،،،،
لاہور قلندرز ابھی تک پی ایس ایل میں تو کوئی کامیابی حاصل نہیں کر سکی مگر پھر بھی وہ پاکستان کی مقبول ترین فرنچائزز میں اس لیے گنی جاتی ہے کہ وہ نوجوان نسل کے لیے میگا پروجیکٹس کے ساتھ ڈومیسٹک کرکٹ میں اپنا تگڑا حصہ ڈالتے رہتے ہیں
پی ایس ایل تھری میں بدترین کارکردگی کے بعد ٹیم انتظامیہ کے ساتھ ساتھ ان کے فینز بھی خاصے مایوس نظر آ رہے ہیں اور متعدد نوجوانوں نے مجھ سے رابطہ کیا کہ اس بار رائزنگ سٹار ہوگا کہ نہیں ؟ کیونکہ رائزنگ سٹار کا سب سے بڑا سپانسر بھی لاہور قلندرز کے ساتھ نہیں رہا،،،، ظاہر ہے ان سوالوں کا جواب میرے پاس تو نہیں تھا
تو جناب میں یہ سوالات لیکر لاہور قلندرز کے مرکزی دفتر پہنچا جہاں چیف ایگزیکٹو آفیسر عاطف رانا اور ہیڈکوچ عاقب جاوید سے طویل نشست ہوئی اور اس نشست کا اہم نقطہ رائزنگ سٹار ہی رہا ،،، گفتگو میں سب سے پہلے تو یہ معلوم پڑا کہ رائزنگ سٹار خالصتا لاہور قلندرز کی پروڈکٹ ہے اور JAZZ ان کا اہم ترین سپانسر تھا مگر اس برس JAZZ یہ سپانسر شپ حاصل کر پاتا ہے یا نہیں اس کا فیصلہ جلد کر لیا جائے گا
عاطف رانا کی زبانی پتہ چلا کہ اس برس لاہور رائزنگ سٹار محض پنجاب یا کشمیر کی حد تک محدود نہیں رہے گا بلکہ اس کا دائرہ پاکستان بھر میں پھیلا دیا جائے گا مگر پاکستان بھر میں متعارف کروانے کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کی منظوری اور کچھ اقدامات درکار ہیں اور ان کو پوری امید ہے کہ تمام مطلوبہ اقدامات جلد پورے کر لیے جائیں گے،،، پاکستان بھر میں کیوں پھیلایا جا رہا ہے تو اس کے جواب میں عاقب جاوید نے کہا کہ سب کے علم میں ہے کہ ہمارے ٹرائلز میں پاکستان بھر سے کھلاڑی حصہ لینے آتے ہیں اور کچھ کھلاڑی تو ریلوے اسٹیشن یا فٹ پاتھ پر رات گزار کر صبح ٹرائلز میں شامل ہوئے تو ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ نوجوانوں کا شوق دیکھتے ہوئے اور ان طویل سفری مشکلات سے بچانے کے لیے اس برس ہم ٹرائلز کا سلسلہ پورے پاکستان میں پھیلا رہے ہیں اور قلندرز رائزنگ سٹار پنجاب اور کشمیر کے علاوہ پورے پاکستان میں کروانے کے خواہاں ہیں اور ان کا خیال ہے کہ قلندرز کے اس اہم اقدام کے راستے میں کوئی مشکل کھڑی نہیں کی جائے گی
عاطف رانا نے کہا کہ پورے پاکستان میں رائزنگ سٹار ہم جولائی میں کروانے خواہاں ہیں،،،، روایتی جوش و خروش کے ساتھ ٹورنامنٹ کروایا جائے گا اور اس میگا ایونٹ کے ذریعے جو بھی ٹیلنٹڈ کھلاڑی سامنے آئیں گے ان کی نہ صرف کفالت کی جائے گی بلکہ ان کو اس برس بھی آسٹریلیا بھیجا جائے گا تاکہ ان کی صلاحیتوں میں نکھار پیدا ہو اور وہ آنے والے وقتوں میں پاکستان کرکٹ کے لیے مفید ثابت ہوں،،،
تو جناب مایوس مت ہوں اور اپنی تیاریاں شروع کر دیں ،، لاہور قلندرز رائزنگ سٹار اس برس بھی اپنی تمام تر رونقوں کے ساتھ منعقد کروایا جائے گا اور لاہور قلندرز کے بڑے بڑے نام آپ کے شہر میں آکر ٹرائلز کا سلسلہ شروع کریں گے اور اگر آپ میں اہلیت ہوئی تو آپ کو کسی سفارش کی ضرورت نہ ہوگی اور بقول عاقب جاوید تمام ٹیمیں میرٹ پر بنائی جائیں گی اور ہمارے میرٹ کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ گزشتہ برس فائنل سرگودھا اور لیہ کے مابین ہوا اور نامعلوم کھلاڑیوں کا فائنل دیکھنے کے لیے قزافی اسٹیڈیم لاہور کھچا کھچ بھرا ہوا تھا
مجھے اندازہ ہے کہ اس میگا ایونٹ کروانے سے جہاں پاکستان بھر کے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع ملتا ہے وہاں یقینا فرنچائز کو نام کے ساتھ ساتھ مالی فوائد بھی حاصل ہوتے ہوں گے مگر سوال یہ ہے کہ مال کمانے کا یہ نادر موقع دیگر فرنچائزز کیوں اپنے ہاتھ سے گنواتی ہیں ؟ ہاں پشاور زلمی کے پی کے میں اپنا حصہ ڈالتے نظر آتے ہیں مگر دیگر تمام فرنچائزز اپنے اپنے حصے کا حصہ ڈالنے کی بجائے فرنچائزز میں حصے دار شامل کر رہی ہیں جس کا نوٹس نجم سیٹھی کو لینا ہوگا اور یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ پی ایس ایل کی آڑ میں سیاسی اہداف کون کون پورے کررہا ہے ؟
خیر کیوں کہ آج کی تحریر نوجوانوں کو آگاہ کرنے کے لیے تھی لاہور قلندرز رائزنگ سٹار ہوگا اور پہلے سے ذیادہ بڑے پیمانے پر ہوگا ،،، فرنچائزز کی آڑ میں کون کون سی فرنچائز کیا کیا ایسے اہداف حاصل کر رہی ہے کہ جو پی ایس ایل قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی میں شامل ہوتے ہیں،، اس پر بہت جلد انکشافات سے بھرپور تحریر آپ کے سامنے لارہا ہوں
اپنی رائے کا اظہار کریں