کیا شاہد آفریدی ابھی تک کھلاڑی پشاور زلمی کے ہیں؟
شاہد آفریدی بھی پاکستان کے ان چند کھلاڑیوں میں شامل ہیں کہ خبریں اور شہرت ان کے تعاقب میں رہتی ہیں، سابق کپتان کا کیریئر حیران کن فیصلوں سے بھرا پڑا ہے ، ان میں چند فیصلے تو ایسے ہیں کہ شاید کبھی کرکٹ ہسٹری ہی زبان کھولے کہ اس موقع پر وہ فیصلہ لینے کا مقصد کیا تھا، اکثریتی شائقین کرکٹ یا بوم بوم فینز سمجھتے ہیں کہ لالہ جزباتی فیصلے لیتے ہیں مگر میرا ذاتی مشاہدہ اس کے برعکس ہے اور شاید کرکٹ پنڈٹ بھی میری رائے پر محض ہنس دیں، کیونکہ میں سمجھتا ہوں کہ سابق کپتان کا تھنک ٹینک بہت ہی تگڑا، سمجھدار اور ٹھیک وقت پر کیا پتا پھیکنا ہے خوب جانتا ہے
ابھی حال ہی میں شاہد آفریدی کی جانب سے نا قابل یقین فیصلہ منظر عام پر آ کر سب کو ورطہ حیرت میں ڈال گیا کہ انہوں نے پشاور زلمی کرکٹ ٹیم کے ساتھ ساتھ زلمی فاونڈیشن سے بھی کنارہ کشی کر لی ہے
پھر خبریں گردش کرنے لگیں کہ آفریدی لاہور قلندر کا حصہ بننے جا رہے ہیں
میں لاہور قلندرز کی ہائی منیجمنٹ سے رابطہ کیا تو جواب ملا کہ اس کا اختیار ہمارے پاس نہیں ، کھلاڑی شامل کرنے یا نہ کرنے کا اختیار ڈائریکٹر عاقب جاوید کے پاس ہے، میرا دوسرا سوال یہ تھا کہ کیا آپ کی خواہش ہے کہ آفریدی لاہور قلندرز کا حصہ بنیں؟ اس پر بڑا دلچسپ جواب ملا کہ پی ایس ایل سے جڑا کونسا کھلاڑی اور آفیشل ایسا نہیں کہ جو لاہور قلندرز میں شامل نہیں ہونا چاہتا
میں نے اس کی وجہ پوچھی تو لاہور قلندرز کا نظام چلانے والے نوجوان نے جواب دیا کہ ہم نے اپنی ٹیم اور منیجمنٹ میں ایسا ماحول تشکیل دے لیا ہے کہ ہر کسی کی خواہش ہے کہ وہ اس خوشگوار ماحول کا حصہ بنے
میرا اگلا سوال یہ تھا کہ آئندہ پی ایس ایل میں پہلی پک آپ کی ہے تو کیا آپ شاہد آفریدی کو پک کر لیں گے، اس پر گول مول جواب ملا اور کہا گیا کہ ابھی شاید پی ایس ایل انتظامیہ کچھ نئے قوانین وضع کر رہی ہے ، وہ فیصلے ہم تک پہنچے تو دیکھیں گے کہ ہم آفریدی کو پک کرتے ہیں یا نہیں؟ مگر حتمی فیصلہ عاقب جاوید ہی کریں گے
یہ تو طے تھا کہ پشاور زلمی چھوڑنے کے بعد ایسا تو ہو ہی نہیں سکتا کہ شاہد آفریدی پی ایس ایل نہ کھیلنے کا طبل بجا دیں
یکا یک بریکنگ نیوز چلنی شروع ہوئی کہ شاہد آفریدی کراچی کنگز کو جوائن کر لیا ہے اور ان کو کراچی کنگز کا پریزیڈنٹ بنا دیا گیا ہے
میری جستجو اور حقائق منظر عام پر لانے کی خواہش اور تیزی پکڑ گئی، اب میں کراچی کنگز سے رابطہ کیا کہ ابھی تو وہ موسم بھی بھی نہیں آیا کہ جب کھلاڑیوں کا جوڑ توڑ شروع ہوگا، آپ کو بتانا ضروری ہے کہ وہ موسم نومبر میں شروع ہوا کرتا ہے تو جواب ملا کہ آفریدی کراچی کنگز کے پریزیڈنٹ بنے ہیں، ٹیم کا حصہ بعد میں بنیں گے
شاہد آفریدی کے اس فیصلے سے کے پی کے کے لاکھوں دل ٹوٹے تو کراچی کے ہزاروں دل خوش ہوئے کہ آفریدی کھلاڑی تو ہمارے شہر کا ہے نہ
جستجو کا آخری مرکز پشاور زلمی کی انتظامیہ سے رابطہ کرنا تھا کہ اصل حقائق ہیں کیا؟ ان سے پوچھا کہ کیا لالہ ابھی تک آپ کی ٹیم کا حصہ ہیں تو جواب ملا کہ آفریدی کا فیصلہ ہمارے لیے غیر متوقع اور تکلیف دہ ہے کہ کیونکہ وہ پشاور زلمی کے اہم ترین کھلاڑی ہونے کے ساتھ ساتھ یہاں کی عوام کے دلوں کی دھڑکن ہیں، جہاں تک ٹیم کا حصہ ہونے کا سوال پیدا ہوتا ہے تو شاید اب یہ ممکن نہیں رہا، ہاں یہ ضرور ہے کہ لالہ اور کراچی کنگز اعلان کرنے میں جلد بازی کر گئے
اب جو سوچنے کی بات ہے وہ یہ ہے کہ دیکھنا یہ ہے کہ کیا پشاور زلمی لالہ کے بدلے کرس گیل مانگتے ہیں یا ان سے تین سے چار پکس کا تقاضہ کرتے ہیں، یہاں یہ بھی ذہن نشین رکھنا ضروری ہے کہ پشاور زلمی نے کئی ایک ایسے منصوبے تیار کر رکھے تھے کہ جنکا مرکزی کردار ہی شاہد آفریدی تھا تو یہ بھی ہو سکتا ہے کہ پشاور زلمی کراچی کنگز سے زر تلافی کا تقاضہ کردے کہ جناب ہم نے تو اس کھلاڑی پر اتنے کڑوڑ روپے مختلف انداز میں انویسٹ کیے ہوئے ہیں
بوم بوم کے اعلانات میں یہ بھی شامل تھا کہ وہ سیاست میں نہیں آرہے اور محض اپنی فاونڈیشن پر توجہ مرکوز رکھیں گے، یہ وہ اعلان ہے کہ جس پر میرا دل نہیں مانتا کیونکہ پشاور زلمی مالک جاوید آفریدی کے اکثر سیاسی بیان عمران خان کی پالیسیوں کے حق میں آتے ہیں اور شاید شاہد آفریدی کو اس سے اختلاف ہو، کچھ یار دوست بتاتے ہیں کہ ایک ٹا ئم تھا جب پی ٹی آئی شاہد آفریدی کے لیے سافٹ کارنر رکھتی تھی مگر اب نہیں، مگر میرا مشاہدہ اور تاریخ بتاتی ہے عمران خان اور شاہد آفریدی دونوں ہی سولو فلائٹ کے عادی ہیں، آفریدی سیاست میں حصہ نہیں لیں گے اس کو ایسے سمجھ لیجیے کہ شاید اب انہوں نے میدان سیاست کے پی کے سے بدل کر کراچی میں سجانے کا فیصلہ کر لیا ہے یا ان کو اشارہ دے دیا گیا ہے اور کراچی کنگز کو حصہ بن کر ان دنیا میں سب سے ذیادہ دیکھا جانے والا ٹی وی چینل بھی میسر آگیا اور ہو سکتا ہے آنے والے وقتوں میں ان کو اے آر وائی چینل میں بھی کوئی بڑا عہدہ دے دیا جائے
تو پیارے قارئین یہ تو طے ہے کہ پی ایس ایل کے لیے شاہد آفریدی نے کراچی کنگز کو منتخب کر لیا ہے مگر یہ تحریر پڑھ کر آپ کو اندازہ ہوگیا ہوگا کہ لالہ کے اس خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لیے انتظامیہ کراچی کنگز کو بہت پاپڑ بھیلنے ہونگے
اپنی رائے کا اظہار کریں