KPK نے پاکستان کپ کی فتوحات کی ہیٹرک
خیبر پختونخوا نے پاکستان کپ جیت کر مسلسل تیسرا ٹائٹل اپنے نام کرلیا
• پاکستان کپ کی فاتح ٹیم اس سے قبل نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کی چیمپئن اور قائداعظم ٹرافی کے جوائنٹ ونر قرار پائی
• فائنل میں اسپنر آصف آفریدی کی شاندار باؤلنگ اور صاحبزادہ فرحان کی ناقابل شکست سنچری کی بدولت سنٹرل پنجاب کو 7 وکٹوں سے شکست
کراچی، 31 جنوری 2021ء:
اسٹیٹ بنک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں خیبر پختونخوا نے سنٹرل پنجاب کو سات وکٹوں سے شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کرلی۔
فاتح ٹیم نے ڈومیسٹک سیزن 2020-21 میں فرسٹ الیون کے تینوں ٹائٹل جیت لیے ۔ کے پی کی ٹیم اس سے قبل نیشنل ٹی ٹونٹی کپ جیتنے کے ساتھ ساتھ قائد اعظم ٹرافی کی بھی جوائنٹ ونر قرار پائی تھی۔
پاکستان کپ کے فائنل میں خیبر پختونخوا نے 240 رنز کا مطلوبہ ہدف 36.1 اوورز میں حاصل کرلیا۔ اوپنر صاحبزادہ فرحان نے 102 گیندوں پر 5 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 103 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ عامر عظمت اور افتخار احمد بالترتیب 45 اور 40 رنز بناکر نمایاں رہے۔ سنٹرل پنجاب کے قاسم اکرم، عثمان قادر اور ظفر گوہر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل سنٹرل پنجاب کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 47 اوورز میں 239 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ اوپنر طیب طاہر 67 جبکہ قاسم اکرم 50 اور رضا علی ڈار 48 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ خیبر پختونخوا کے اسپنر آصف آفریدی نے 39 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ فاسٹ باؤلرز محمد عمران نے 3 اور محمد وسیم جونیئر نے ایک وکٹ حاصل کی۔
میچ میں پانچ وکٹیں حاصل کرنے پر آصف آفریدی کو مین آف دی فائنل قرار دیا گیا۔بائیں ہاتھ کے اسپنر ٹورنامنٹ کے بہترین باؤلر کا ایوارڈ بھی جیت گئے۔ ناردرن کے آلراؤنڈر حماد اعظم کو پلیئر آف دی ٹورنامنٹ قراردیا گیا۔سنٹرل پنجاب کے طیب طاہر ٹورنامنٹ کے بہترین بیٹسمین، اور سندھ کے وکٹ کیپر اعظم خان بہترین وکٹ کیپر قرار پائے۔
اپنی رائے کا اظہار کریں