محمد عامر کا تجربہ کراچی کنگز کو فاٸنل لے پہنچا
کراچی کنگز سپر اوور میں ملتان سلطانز کو شکست دے کرایچ بی ایل پی ایس ایل کے فائنل میں پہنچ گیا
کراچی، 14 نومبر 2020ء:
کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو سپر اوور میں شکست دے کرایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2020 کے فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ لیگ کے مسلسل پانچویں ایڈیشن میں شرکت کرنے والی کراچی کنگز کی ٹیم پہلی مرتبہ ایونٹ کے فائنل میں پہنچی ہے۔
سپر اوور مرحلے میں کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے13 رنز بنائے۔ جواب میں ملتان سلطانز کی ٹیم چھ گیندوں پر صرف9 رنز ہی بناسکی۔
اس سے قبل نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئےسنسنی خیز کوالیفائر میں 142 رنز کا تعاقب کرنے والی کراچی کنگز کو میچ کے آخری اوور میں محض 7 رنز درکار تھے جبکہ اس کی تین وکٹیں بھی باقی تھیں تاہم ملتان سلطانز کے نوجوان فاسٹ باؤلر محمد الیاس نے اوور کی پہلی 5 گیندوں پر صرف دو رنز دے کراور ایک وکٹ حاصل کرکے میچ کو دلچسپ بنادیا۔کراچی کنگز کو جیت کے لیے میچ کی آخری گیند پر 5 رنز درکار تھے کہ کپتان عماد وسیم نے چوکا لگا کر میچ برابر کردیا۔
کراچی کنگز نے مقررہ بیس اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 141 رنز بنائے۔ بابراعظم65 رنز بناکر سب سے نمایاں بلے باز رہے۔ ان کی اننگز میں5چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔
کراچی کنگز کے دوسرے بہترین بیٹسمین کپتان عماد وسیم تھے۔ وہ 27 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ ملتان سلطانزکے سہیل تنویر نے25 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔
دیگر بلے بازوں میں شرجیل خان 4، ایلکس ہیلز 22، افتخار احمد 13، شیڈوک والٹن 2، ردر فورڈ ، وائن پارنیل اور محمد عامر ایک ایک رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔وقاص مقصود ایک رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
اس سے قبل کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا توروی بوپارہ کے علاوہ ملتان سلطانز کا کوئی بھی بیٹسمین کراچی کنگز کے باؤلرز کی نپی تلی باؤلنگ کے سامنے زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہر سکا اور وقفے وقفے سے آؤٹ ہوکر پویلین واپس لوٹتا رہا۔دائیں ہاتھ کے مڈل آرڈر بیٹسمین کی مزاحمت بھی 31 گیندوں پر محیط رہی۔ انہوں نے 3 چوکوں اور 1 چھکے کی مدد سے 40 رنز بنائے۔ اننگز کے اختتامی لمحات میں 2 چھکے اور 1 چوکا لگانے والے سہیل تنویر نے 13 گیندوں پر 25 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تو ملتان سلطانز نے مقررہ بیس اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 141 رنز بنائے۔ کراچی کنگز کے فاسٹ باؤلرز ارشد اقبال اور وقاص مقصود نے 2،2 جبکہ اسپنر عماد وسیم نے ایک وکٹ حاصل کی۔ محمد الیاس 5 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
ملتان سلطانز کے دیگر آؤٹ ہونے والے بلے بازوں میں اوپنر ذیشان اشرف 21، ایڈم لیتھ 9 ، کپتان شان مسعود 3، رائیلی روسو 5، خوشدل شاہ 17اور شاہد آفریدی 12 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
میچ میں 65رنز کی اننگز کھیلنے والے بابراعظم کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
دونوں ٹیموں نے میچ کے آغاز سے قبل کراچی کنگز کے آنجہانی کوچ ڈین جونز کے لیے گراؤنڈ میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔
اپنی رائے کا اظہار کریں