ویمنز ہاٸی پرفارمنس کیمپ کراچی میں منعقد ہوگا
پی سی بی نے 8 اکتوبر سے ویمنزہائی پرفارمنس کیمپ کے آغا ز کا اعلان کردیا
• اکتیس اکتوبر تک جاری رہنے والے کیمپ میں طلب کردہ ستائیس خواتین کرکٹرزسمیت اسپورٹ اسٹاف کراچی کے بائیو سیکیور ببل میں رہیں گے
لاہور،2 اکتوبر 2020ء:
پاکستان کرکٹ بورڈ نےڈومیسٹک سیزن 21-2020 کے لیےویمنزہائی پرفارمنس کیمپ کا اعلان کردیاہے۔کیمپ 8 سے31 اکتوبر تک حنیف محمد ہائی پرفارمنس سنٹر کراچی میں لگے گا۔ پی سی بی پہلے ہی تیس ستمبر سے شروع ہونے والےڈومیسٹک سیزن میں شیڈول مینز اور انڈر19 سطح کی کرکٹ سرگرمیوں کا اعلان کرچکا ہے۔
پی سی بی نے کیمپ کے لیے 27 خواتین کھلاڑیوں کو کراچی طلب کرلیا ہے، جن کے نام مندرجہ ذیل ہیں:
ایمن انور،عالیہ ریاض، انعم امین، عائشہ نسیم، عائشہ ظفر، ناہیدہ خان، بسمہ معروف، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثناء، ارم جاوید، جویریہ رؤف، جویریہ خان، کائنات امتیاز، کائنات حفیظ،ماہم طارق، منیبہ علی،نجیہ علوی، نشرہ سندھو، نتالیہ پرویز، ندا ڈار، عمیمہ سہیل،رامین شمیم، صباء نزیر، سعدیہ اقبال،سدرہ امین،سدرہ نوازاور سیدہ عروب شاہ۔
اس دوران کراچی کے مقامی ہوٹل میں بائیو سیکیور ببل بنایا جائےگا،جہاں داخلے کے لیے ان27 کھلاڑیوں سمیت اسپورٹ سٹاف کے مسلسل 2کوویڈ 19 ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آنا لازمی ہوگی۔ پی سی بی کے کوویڈ19 پروٹوکولزکے مطابق ان تمام کھلاڑیوں اور اسپورٹ سٹاف کو اپنے پہلے کوویڈ 19 ٹیسٹ خود کروانے ہوں گے۔پی سی بی ان تمام افراد کو اس ٹیسٹ کے واجبات بعد میں ادا کر دے گا۔
جن کھلاڑیوں اور اسپورٹ سٹاف کے پہلے کوویڈ 19 ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آئے گی انہیں کراچی آنے کی اجازت دی جائے گی، جہاں ان کی دوسری کوویڈ 19 ٹیسٹنگ ہوگی۔ دوسرے ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آنے پر یہ تمام افراد بائیو سیکیور ببل میں چلے جائیں گے۔
ان کھلاڑیوں اور اسپورٹ اسٹاف کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کی تیسری مرتبہ کوویڈ19 ٹیسٹنگ کیمپ کے دوران کی جائے گی۔ ان تمام افراد کو ٹریننگ کے دوران کوویڈ19 پروٹوکولز پر عمل کرنا ہوگا۔
شعبہ ہائی پرفارمنس سنٹر خواتین کرکٹرز کے اس کیمپ کے لیے اسپورٹ اسٹاف کی تقرری جلد کردے گا۔
اس دوران چند خواتین کرکٹرز نےلاہور میں این ایچ پی سی کے کوچز محمد یوسف، عتیق الزمان اور محمد زاہد کی زیرنگرانی ٹریننگ کا آغاز کردیاہے۔
عتیق الزمان:
این ایچ پی سی کے فیلڈنگ کوچ عتیق الزمان کا کہنا ہے کہ وہ خواتین کھلاڑیوں کے فٹنس معیار سے بہت متاثرہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ میں فٹنس کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا اور ہماری خواتین کرکٹرز نے اپنی فٹنس کی بہتری پر بہت کام کیاہے جو پاکستان کی خواتین کرکٹ کے لیے ایک حوصلہ افزاء عمل ہے۔
محمد زاہد:
این ایچ پی سی کے فاسٹ باؤلنگ کوچ محمد زاہد کا کہنا ہے کہ کسی بھی فاسٹ باؤلر کے لیے اس کا ردھم بہت اہم ہوتا ہے، ہماری خواتین کرکٹرز نیٹ پر تیز رفتار باؤلنگ کی جتنی پریکٹس کریں گی ان کے ردھم میں اتنی ہی بہتری آئے گی۔محمد زاہد نے مزید کہا کہ قومی خواتین کرکٹ ٹیم کے لیے ڈیوڈ ہیمپ کی تقرری ایک اچھا فیصلہ ہے اوران کے تجربے سے پاکستان کی خواتین کرکٹرز کو بہت فائدہ ہوگا۔
سدرہ نواز:
کرکٹر سدرہ نواز کا کہنا ہے کہ بلاشبہ نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر کی سہولیات میں ٹریننگ ان کی صلاحیتوں میں نکھارلاتی ہے مگریہاں موجود ان نامور کرکٹرز کی کوچنگ کا یہ تجربہ نیا اور مفید ہے۔
عالیہ ریاض:
کرکٹر عالیہ ریاض کاکہنا ہے کہ فی الحال خواتین کرکٹ کے مکمل ڈومیسٹک سیزن کا آغاز نہیں ہوا مگر وہ ہائی پرفارمنس کیمپ کے آغاز سے قبل نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر میں ٹریننگ کرکےخود کو ردھم میں لانے کی کوشش کررہی ہیں۔
اپنی رائے کا اظہار کریں