دفاعی چیمپیٸن کوٸٹہ گلیڈی ایٹر افتتاحی میچ جیت گٸی
ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020: افتتاحی میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دے دی
• چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھانے پر محمد حسنین مین آف دی میچ قرار
• مڈل آرڈر بیٹسمین اعظم خان کی نصف سنچری
کراچی، 20 فروری 2020ء:
ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 کے افتتاحی میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دے دی۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 3 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کی پوری ٹیم 168 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مطلوبہ ہدف 19ویں اوور میں 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو محمد نواز نے میچ کی پہلی ہی گیند پر کولن منرو کو آؤٹ کرکے اسلام آباد یونائیٹڈ کو دباؤ کا شکار کردیا۔ ڈیوڈ ملان کے علاوہ اسلام آباد یونائیٹڈ کا کوئی بلے باز بھی خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکا اور وقفے وقفے سے آؤٹ ہوکر پویلین واپس لوٹتے رہے۔ ڈیوڈ ملان نے 40 گیندوں پر 5 چوکوں اور 3 چھکوں کی بدولت 64 رنز کی اننگز کھیلی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی پوری ٹیم 19.1 اوورز میں 168 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ محمد حسنین نے 25 رنز کے عوض 4 اور بین کٹنگ نے 31 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی اننگز کا آغاز بھی زیادہ متاثر کن نہ رہا اور محض 26 رنز پر اس کے ابتدائی تینوں بلے باز، جیسن رائے، شین واٹسن اور احمد شہزاد، آؤٹ ہوکر پویلین واپس لوٹ گئے۔ چوتھی وکٹ کے لیے اعظم خان اور سرفراز احمد کے درمیان قائم 62 رنز کی شراکت اس وقت ٹوٹی جب کپتان سرفراز احمد 21 رنز پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔ دوسری جانب اعظم خان نے محمد نواز کے ہمراہ اسکور بورڈ کو تیزی سے آگے بڑھانے کا سلسلہ جاری رکھا۔ محض 28 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کرنے والے نوجوان بلے باز نے میچ میں 59رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔ 33گیندوں پر مشتمل ان کی اننگز میں 5 چوکے اور3 چھکے شامل تھے۔ محمد نواز 23 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ اختتامی اوورز میں بین کٹنگ اور سہیل خان نے بالترتیب 22 اور 18 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کردیا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مطلوبہ ہدف 9 گیندیں قبل 7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ محمد موسیٰ نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھانے پر نوجوان فاسٹ باؤلر محمد حسنین کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
جمعہ کو لیگ کے پانچویں ایڈیشن میں 2 میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلے میچ میں کراچی کنگز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں نیشنل اسٹیڈیم کراچی جبکہ دوسرے میچ میں لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کی ٹیمیں قذافی اسٹیڈیم لاہور میں مدمقابل آئیں گی۔
اپنی رائے کا اظہار کریں