ابو حریرہ پاکستان کو انڈر 19 کے سیمی فاٸنل تک لے گٸے
پاکستان کی آئی سی سی انڈر 19 ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں رسائی
• کوارٹر فائنل میں افغانستان کو 6 وکٹوں سے شکست
• نصف سنچری اسکور کرنے پر محمد حریرہ مین آف دی میچ قرار
لاہور، 31جنوری2020ء:
آئی سی سی انڈر 19 ورلڈکپ کی 2 مرتبہ کی چیمپئن پاکستان کرکٹ ٹیم نے جنوبی افریقہ میں جاری 2020 ایڈیشن کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے جمعہ کے روز جنوبی افریقہ میں کھیلے گئے کوارٹر فائنل میں افغانستان کو 6وکٹوں سے شکست دے کر فائنل فور میں جگہ بنائی۔
ولو مور پارک بینونی میں کھیلے گئے کوارٹرفائنل میچ میں افغانستان کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے189 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ پاکستان کے محمد عامر خان نے 3 جبکہ فہد منیر نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ قومی انڈر 19 ٹیم نے مطلوبہ ہدف 42ویں اوور میں 4وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ پاکستان کی جانب سے اوپنر محمد حریرہ 64رنز بناکر سب سے نمایاں بیٹسمین رہے۔
بینونی میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان انڈر 19 ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اوپنرفرحان زاخیل کے علاوہ کوئی بھی بلے باز زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکا اور وقفے وقفے سے آؤٹ ہوکر پویلین واپس لوٹتا رہا۔ کپتان فرحان زاخیل نے 40 رنز کی اننگز کھیلی، انہیں اسپنر عامر علی نے آؤٹ کیا۔ افغانستان کی پوری ٹیم 49.1اوورز میں 189 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ افغانستان کےآلراؤنڈر عبدالرحمٰن 30 رنز بناکر دوسرے نمایاں بیٹسمین رہے۔ پاکستان کی جانب سے فاسٹ باؤلر محمد عامر خان نے 58 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ لیگ اسپنر فہد منیر نے نپی تلی باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 29 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں۔
مطلوبہ ہدف کےتعاقب میں پاکستان انڈر 19 ٹیم کی جانب سے اننگز کا آغاز متاثر کن رہا۔ اوپنر محمد حریرہ اور حیدر علی نے 61 رنز کی ابتدائی شراکت قائم کرکے ٹیم کو ایک مضبوط آغاز فراہم کیا۔ قومی انڈر 19 ٹیم کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے نوجوان بلے باز محمدحریرہ نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی۔ وہ 76 گیندوں پر 64 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ان کی اننگز میں 8 چوکے اور 1 چھکا شامل تھا۔پاکستان کی جانب سے دوسرے نمایاں بیٹسمین اوپنر حیدر علی رہے ، انہوں نے 28 رنز بنائے۔ پاکستان انڈر 19 ٹیم نے مطلوبہ ہدف 42ویں اوور میں حاصل کرلیا۔
میچ میں 64 رنز کی اننگز کھیلنے پر اوپنر محمد حریرہ کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان ایونٹ کا سیمی فائنل 4 فروری کو کھیلا جائے گا۔
اپنی رائے کا اظہار کریں