روحیل نزیر افغانستان کو چت کرنے کو پر عزم
آئی سی سی انڈر 19ورلڈکپ: کوارٹر فائنل سے قبل پاکستان کی تیاریاں مکمل
• ٹیم نے افغانستان کے خلاف میچ میں جیت کے لیے حکمت عملی تیار کرلی، کپتان قومی انڈر 19 ٹیم روحیل نذیر
جوہانسبرگ،30جنوری2020ء:
جنوبی افریقہ میں جاری آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 2020 میں پاکستان اور افغانستان کی انڈر 19 ٹیموں کے درمیان کوارٹر فائنل میچ 31 جنوری بروز جمعہ کو بینونی میں کھیلا جائے گا۔
اہم میچ میں جیت کے لیے پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ 2مرتبہ کی چیمپئن پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کا آخری گروپ میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا، جس کے بعد قومی انڈر 19 اسکواڈ نے 2 روز آرام کرنے کے بعد مسلسل 3 روز بھرپورٹریننگ کی۔
اس دوران قومی انڈر 19 اسکواڈ کے رکن عبدالواحد بنگلزئی ٹریننگ کرتےہوئے زخمی ہوگئے تھے۔ ایڑھی مڑنے کے باعث عبدالواحد بنگلزئی نے 2 روز آرام کرنے کے بعد جمعرات کے روز ٹریننگ سیشن میں حصہ لیاتاہم افغانستان کے خلاف کوارٹرفائنل میچ میں عبدالواحد بنگلزئی کی شرکت کا فیصلہ میچ سے قبل کیا جائے گا۔
اس موقع پر قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کپتان روحیل نذیر افغانستان کے خلاف کوارٹر فائنل میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ روحیل نذیر اہم میچ میں اپنی کارکردگی کی بنیادپر ٹیم کو فتحیاب بنانے کی خواہش رکھتے ہیں۔
روحیل نذیر، کپتان قومی انڈر 19 ٹیم:
قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کپتان روحیل نذیر کا کہنا ہےکہ میگا ایونٹ میں شریک افغانستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم بہتر ہے مگر پاکستان انڈر 19 ٹیم 31 جنوری کو شیڈول مقابلے کے لیے مکمل تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ بینونی میں موجود قومی انڈر 19 اسکواڈ گذشتہ تین روز سے سخت محنت کررہا ہے۔
روحیل نذیر نے کہا کہ وہ ایونٹ میں زمباوے کے خلاف گروپ میچ میں بہتر کارکردگی پیش نہ کرنے کا ازالہ کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بطور کپتان وہ کوارٹر فائنل میچ میں عمدہ کارکردگی کامظاہرہ کرنے کی کوشش کریں گے۔
قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کپتان کا کہنا ہے کہ افغانستان کے خلاف میچ مارو یا مرجاؤ کی حکمت عملی کے تحت کھیلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جوں جوں ایونٹ آگے بڑھ رہا ہے توں توں ان پراورحیدر علی پر ذمہ داری بھی بڑھتی جاری رہی ہے۔
روحیل نذیر نے کہا کہ وہ گذشتہ تین روزسے پریکٹس سیشن میں اپنی بیٹنگ پر خصوصی توجہ دےرہے ہیں، امید ہے وہ افغانستان کے خلا ف شاندارکارکردگی دکھا کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کریں گے۔
روحیل نذیر نے کہا کہ پاکستان انڈر 19 ٹیم کا کمبی نیشن اچھا ہے، گروپ میچ میں ٹاپ آرڈر کی ناکامی کے بعد مڈل آرڈر بیٹنگ لائن اپ کا ذمہ داری سنبھالنا خوش آئند تھا۔ انہو ں نے کہا کہ ٹیم کے فاسٹ باؤلرز بہترین فارم میں ہیں۔ روحیل نذیر نے کہا کہ طاہر حسین، محمد عرفان اور عباس آفریدی کے علاوہ اسپنر عامر علی بھی نپی تلی باؤلنگ کا مظاہرہ کررہے ہیں جو آئندہ میچ میں جیت کا سبب بنیں گے۔
اسکواڈ(یکم ستمبر 2000 یا اس کے بعد پیدا ہونے والے کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جاسکتا تھا):
اوپنرز: عبدالواحد بنگلزئی (کوئٹہ)، حیدر علی (راولپنڈی) اور محمد شہزاد (ملتان)۔
مڈل آرڈرز: محمد حارث (پشاور)،محمد حریرہ (سیالکوٹ) اور محمد عرفان خان (لاہور)۔
وکٹ کیپر: روحیل نذیر(کپتان)۔
آلراؤنڈرز: عباس آفریدی( پشاور)، فہد منیر (لاہور)، قاسم اکرم (لاہور)۔
اسپنرز: عامر علی (لاڑکانہ) اور آرش علی خان (کراچی)۔
فاسٹ باؤلرز: عامر خان (پشاور)، محمد وسیم جونیئر (شمالی وزیرستان) اور طاہر حسین (ملتان)۔
ٹیم منیجمنٹ:
اعجاز احمد ( ہیڈ کوچ کم منیجر)، راؤ افتخار انجم (باؤلنگ کوچ)، عبدالمجید(اسسٹنٹ کوچ)، حافظ نعیم الرسول (فزیو تھراپسٹ)، صبور احمد (ٹرینر) ، عثمان ہاشمی( اینالسٹ) ،عماد حمید (میڈیا منیجر) اورکرنل (ر)عثمان رفعت انوری(سیکورٹی منیجر) ۔
شیڈول:
31جنوری 2020: پاکستان بمقابلہ افغانستان
9فروری 2020: فائنل
اپنی رائے کا اظہار کریں