فاتح انڈر19 ورلڈ کپ سرفراز احمد کی انڈر 19 ٹیم سے ملاقات
• موجودہ اسکواڈ آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 2020 جیتنے کی صلاحیت رکھتا ہے، سرفراز احمد
لاہور، 06 جنوری 2020ء:
قومی کرکٹر سرفراز احمد نے پیر کے روز نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر سرفراز احمد نے نوجوان کھلاڑیوں کو مفید مشورےبھی دئیے۔
آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 2020 کی تیاریوں کے لیے قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ یکم جنوری سے این سی اے میں جاری ہے۔ 9 روزہ تربیتی کیمپ میں شرکت کے بعد قومی انڈر 19 اسکواڈ دس جنوری کو جنوبی افریقہ روانہ ہوگا جہاں میگا ایونٹ کا آغاز 17 جنوری سے ہوگا۔
اس سے قبل پاکستان دو مرتبہ انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ جیت چکا ہے۔ پاکستان نے آخری مرتبہ آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ، دوہزار چھ میں جیتا تھا، جہاں قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی قیادت سرفراز احمد نے کی تھی۔ وکٹ کیپر بیٹسمین کی قیادت میں پاکستان نے ایونٹ کے فائنل میں روایتی حریف بھارت کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 38 رنز سے شکست دی تھی۔
کولمبو میں کھیلے جانے والے ایونٹ کے فائنل میں قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 109 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی، جس کے باوجود سرفراز احمد کی شاندار قیادت اور فاسٹ باؤلرز کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے بھارت کو محض 71 رنز پر ڈھیر کردیا تھا۔
سرفراز احمد:
اس موقع پر قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے تربیتی کیمپ کا دورہ کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ 2020 کے لیے منتخب کردہ قومی اسکواڈ میں شامل تمام کھلاڑی بہترین صلاحیتوں کے مالک ہیں اور یہ اسکواڈ ورلڈکپ جیتنے کی مکمل اہلیت رکھتا ہے۔
وکٹ کیپر بیٹسمین نے کہا کہ گذشتہ سال قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کی کارکردگی میں تسلسل رہا، دورہ سری لنکا اور جنوبی افریقہ میں کامیابی کے باعث نوجوان کھلاڑیوں کا مورال بلند ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کی اکثریت جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں شامل تھی جس کے باعث انہیں کنڈیشنز سے ہم آہنگی کے لیے زیادہ وقت درکار نہیں ہوگا۔
اس موقع پر سرفراز احمد نے کہا کہ روحیل نذیر اچھے کھلاڑی ہیں اور بطور وکٹ کیپر بیٹسمین وہ بہترین فارم میں ہیں جس کا فائدہ قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کو ہوگا۔
32 سالہ وکٹ کیپر بیٹسمین کا کہنا ہے کہ انڈر 19 کرکٹ، نوجوان کھلاڑیوں کے لیے قومی اسکواڈ میں شمولیت کی پہلی سیڑھی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 2020میں اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کے لیے قومی ٹیم میں جگہ بنانے کے امکانات روشن ہوں گے۔
سرفراز احمد نے کہا کہ وہ خود، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ سمیت بیشتر کھلاڑی قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے ذریعے ہی پاکستان کرکٹ ٹیم کا حصہ بنے۔ انہوں نے کہا کہ قومی انڈر 19 ٹیم کے موجودہ اسکواڈ میں بھی کئی کھلاڑی ایسے ہیں جو جلد قومی ٹیم کا حصہ بننے کی اہلیت رکھتے ہیں۔
دوہزار چھ میں کامیابی کے سفر کو یاد کرتے ہوئے کپتان سرفراز احمد کاکہنا تھاکہ وہ ورلڈکپ یادگار تھا، انہوں نے کہا کہ فائنل میں روایتی حریف بھارت کے خلاف لو اسکورنگ میچ میں کامیابی حاصل کرنا بڑی فتح تھی۔
اسکواڈ(یکم ستمبر 2000 یا اس کے بعد پیدا ہونے والے کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جاسکتا تھا):
اوپنرز: عبدالواحد بنگلزئی (کوئٹہ)، حیدر علی (راولپنڈی) اور محمد شہزاد (ملتان)۔
مڈل آرڈرز: محمد حارث (پشاور)،محمد حریرہ (سیالکوٹ) اور محمد عرفان خان (لاہور)۔
وکٹ کیپر: روحیل نذیر(کپتان)۔
آلراؤنڈرز: عباس آفریدی( پشاور)، فہد منیر (لاہور)، قاسم اکرم (لاہور)۔
اسپنرز: عامر علی (لاڑکانہ) اور آرش علی خان (کراچی)۔
فاسٹ باؤلرز: عامر خان (پشاور)، محمد وسیم جونیئر (شمالی وزیرستان) اور طاہر حسین (ملتان)۔
ٹیم منیجمنٹ:
اعجاز احمد ( ہیڈ کوچ کم منیجر)، راؤ افتخار انجم (باؤلنگ کوچ)، عبدالمجید(اسسٹنٹ کوچ)، حافظ نعیم الرسول (فزیو تھراپسٹ)، صبور احمد (ٹرینر) ، عثمان ہاشمی( اینالسٹ) ،عماد حمید (میڈیا منیجر) اورکرنل (ر)عثمان رفعت انوری(سیکورٹی منیجر) ۔
شیڈول:
19جنوری 2020: پاکستان بمقابلہ اسکاٹ لینڈ
22جنوری 2020: پاکستان بمقابلہ زمباوے
24جنوری 2020: پاکستان بمقابلہ بنگلہ دیش
9فروری 2020: فائنل
اپنی رائے کا اظہار کریں