بھارت کے بعد بنگلہ دیش کو چت کرکے پاکستان نے کپ جیت لیا
پاکستان نے اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ جیت لیا
• فائنل میں بنگلہ دیش کو 77 رنز سے شکست
• روحیل نذیر کی شاندار سنچری
• محمد حسنین کے 3 شکار
اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان نےبنگلہ دیش کو 77 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا ہے۔
میرپور بنگلہ دیش میں کھیلے گئے ایونٹ کے فائنل میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئےمقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 301 رنزبنائے ۔ وکٹ کیپر بیٹسمین روحیل نذیر نے شاندار سنچری اسکور کی۔عمران رفیق نے نصف سنچری بنائی۔ ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 224رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ فاسٹ باؤلر محمد حسنین نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
ایشین کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیاتو پاکستان کے دونوں اوپنرز 41 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوکر پویلین واپس لوٹ گئے۔حیدر علی 26 اور عمیر بن یوسف 4 رنزبناکر آؤٹ ہوئے۔ دونوں اوپنرزکے آؤٹ ہونے کے بعد وکٹ کیپر بیٹسمین روحیل نذیر اور عمران رفیق نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 117 رنز کی شراکت قائم کی۔ عمران رفیق 4چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 62 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔
چوتھی وکٹ کے لیے روحیل نذیر نے سعود شکیل کے ہمراہ 85 قیمتی رنز جوڑ کر میچ میں قومی ایمرجنگ ٹیم کی پوزیشن مزید مستحکم کردی۔ روحیل نذیر نے 12 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 113 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ کپتان سعود شکیل 42 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ مڈل آرڈر بلے باز خوشدل شاہ کی 16 گیندوں پر 27 رنزکی اننگز نے میچ میں پاکستان کا مجموعہ 300 کے پار لگادیا۔
قومی ایمرجنگ ٹیم نے مقررہ50اوورز میں6وکٹوں کے نقصان پر301رنز بنائے۔بنگلہ دیش کی جانب سےسومن خان نے 3وکٹیں حاصل کیں۔
302 رنز کے تعاقب میں بنگلہ دیش کے بلے باز لمبی شراکت بنانے میں ناکام رہے اور پاکستان کی باؤلنگ لائن اپ کے سامنے وقفے وقفے سے آؤٹ ہوکر پویلین واپس لوٹتے رہے۔ بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 44ویں اوور میں 224 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ بنگلہ دیش کی جانب سے عفیف حسین 49 رنز بناکر ٹاپ اسکور ر رہے۔ قومی ایمرجنگ ٹیم کی جانب سے محمد حسنین نے 3 جبکہ خوشدل شاہ اور سیف بدر نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں.
اپنی رائے کا اظہار کریں