مستقبل کا بلے باز عمیر بن یوسف کا آئیڈیل بھی محمد یوسف
محمد یوسف پسندیدہ کرکٹر ہیں، ان ہی کی طرح بے خوف کرکٹ کھیلنے کی کوشش کرتا ہوں، نوجوان بلے باز عمیر بن یوسف
اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا میں شرکت کے لیے بنگلہ دیش میں موجود قومی ایمرجنگ اسکواڈ میں شامل 20 سالہ نوجوان کرکٹر عمیر بن یوسف بیٹنگ کی صلاحیتوں سے مالا مال ہیں۔مؤثر تکنیک کے حامل باصلاحیت کرکٹر کا تعلق کراچی سے ہے۔ قائداعظم ٹرافی میں سندھ کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کرنے والے اوپنر عمیر بن یوسف نے 4 سال قبل کرکٹ کا باقاعدہ آغاز کیا۔
13فرسٹ کلاس میچوں میں 46.85کی اوسط سے 984 رنز بنانے والے عمیر بن یوسف کا ایک اننگز میں بہترین اسکور 174 رنز ہے تاہم گذشتہ سال فرسٹ کلاسٹ کرکٹ کے اپنے ڈیبیو میچ میں زرعی ترقیاتی بنک کے خلاف 135 رنز کی اننگز ان کے کیرئیر کا یادگارلمحہ ہے۔ نوجوان اوپنر کا کہنا ہے کہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں اپنے کیرئیر کے آغاز پر سنچری اسکور کرنا ان کے اعتماد میں اضافہ کا سبب بنا۔ ان کا کہنا ہےکہ وہ ہر میچ میں سو فیصد کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔
20 سالہ کرکٹر کو امید ہے کہ قومی ایمرجنگ ٹیم بنگلہ دیش میں شیڈول ایونٹ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرےگی۔ انہوں نے کہا کہ وہ سابق قومی کرکٹر محمد یوسف کی بیٹنگ کے مداح ہیں۔نوجوان اوپنر کا کہنا ہےکہ محمد یوسف اعلیٰ پایہ کے کرکٹر تھے، وہ بھی اپنے آئیڈیل کرکٹر کی طرح بلے بازی کرنے کی خواہش رکھتے ہیں۔عمیر بن یوسف نے کہا کہ بے خوف کرکٹ کھیلنا ان کی کامیابی کی ضمانت ہوگی۔
عمیر بن یوسف اپنے لسٹ اے کیرئیر کے 6 میچوں میں 157 رنز بناچکے ہیں۔ نوجوان کرکٹر کا کہنا ہے کہ رواں سیزن میں وہ بھرپور فارم میں ہیں اور کوشش کریں گے ایونٹ میں قومی ایمرجنگ ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کرسکیں۔ عمیر بن یوسف نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں معیاری کرکٹ سے ان کے کھیل میں نکھار آیا ہے۔ 20 سالہ بلے باز نے جلد قومی کرکٹ ٹیم کی جانب سے کھیلنے کی خواہش کا اظہار بھی کیا ہے۔
عمیر بن یوسف کا کہنا ہے کہ اےسی سی ایمرجنگ ٹیمز میں شامل دیگر ٹیمیں بھی مضبوط اور متوازی ہیں تاہم پاکستان ایونٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اعجاز احمد جیسے نامور کرکٹر کی ٹیم منیجمنٹ میں موجودگی کا بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔ نوجوان کرکٹر نےکہا کہ ہیڈ کوچ اعجاز احمد نے بنگلہ دیش کی کنڈیشنز اور پچز کے حوالے سے مفید مشورے دینے کے ساتھ ساتھ بیٹنگ کی صلاحیتوں میں نکھار لانے کے لیے بھرپور محنت کروائی ہے۔
نوجوان بلے باز نے کہا کہ بچپن میں وہ محلے کے دیگر لڑکوں کے ہمراہ اتوار کے روز ٹیپ بال کرکٹ کھیلتے تھے۔ نوجوان کرکٹر کا کہنا ہے کہ مختصر کیرئیر میں ان کی کامیابی کی بڑی وجہ اہلخانہ کی اسپورٹ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ بچپن سے پڑھائی کےساتھ ساتھ کھیل کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اے سی سی اے کی تعلیم حاصل کرنے والے 20 سالہ کرکٹر کا کہنا ہےکہ ان کے اہلخانہ نے ہمیشہ ان کی حوصلہ افزائی کی۔
اے سی سی ایمرجنگ ٹیمز ایشیا کپ میں عمیر بن یوسف کےعلاوہ روحیل نذیر اورحیدر علی بھی ٹاپ آرڈر بیٹنگ میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
اسکواڈ:
سعود شکیل (کپتان)، روحیل نذیر (نائب کپتان)(وکٹ کیپر)، حیدر علی، عمیر بن یوسف، حسن محسن، خوشدل شاہ، سیف بدر، عمران رفیق، محمد محسن، عاکف جاوید، محمد حسنین، ثمین گل، عماد بٹ، محمد اسداور عمر خان۔
ریزرو:
حسین طلعت، عادل امین، محمد حارث اور عامر علی ۔
ٹیم منیجمنٹ:
اعجاز احمد (منیجرکم ہیڈ کوچ)، راؤ افتخار انجم (باؤلنگ کوچ)، عبدالمجید(اسسٹنٹ کوچ)، حافظ نعیم الرسول (فزیو تھراپسٹ)، صبور احمد (ٹرینر) ، عثمان ہاشمی( اینالسٹ) اور یونس بٹ (سیکورٹی منیجر)۔
شیڈول:
14نومبر: پاکستان بمقابلہ افغانستان
16نومبر: پاکستان بمقابلہ سری لنکا
18نومبر: پاکستان بمقابلہ اومان
20نومبر: پہلا سیمی فائنل
21نومبر: دوسرا سیمی فائنل
23نومبر: فائنل
اپنی رائے کا اظہار کریں