کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ڈار ہاکی اکیڈمی اور رانا ظہیر اکیڈمی کے مابین کانٹے دار میچ
کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ڈار ہاکی اکیڈمی اور رانا ظہیر اکیڈمی کی ٹیموں کے درمیان نیشنل ہاکی سٹیڈیم کی پچ نمبر دو پر کھیلا جانے والا نمائشی میچ دو دو گول سے برابر رہا۔ اس موقع پر اولمپیئن توقیر ڈار، اولمپیئن دانش کلیم کے علاوہ انٹرنیشنل ہاکی کھلاڑیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ میچ سے قبل دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کا مہمان خصوصی پاکستانی نژاد کینیڈین صحافی اشرف خان لودھی سے تعارف کرایا گیا۔ میچ کے آغاز سے قبل کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے نعرے بھی لگائے گئے۔ کشمیر بنے گا پاکستان، کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے لگائے گئے۔ اولمپیئن توقیر ڈار کا کہنا تھا کہ قومی کھیل کی ترقی کے لیے ضروری ہے کہ کلبوں کی ٹیمیں زیادہ سے زیادہ ہاکی سرگرمیوں کو بڑھائیں تاکہ قومی کھیل اپنا کھویا ہوا مقام واپس حاصل کر سکے۔ میچ کے مہمان خصوصی پاکستانی نژاد کینیڈین صحافی اشرف خان لودھی کا کہنا تھا کہ مجھے یہ دیکھ کر بہت خوشی ہوئی کہ ملک میں قومی کھیل کی ترقی کے لیے گراس روٹ لیول پر کلبیں اپنا کردار ادا کر رہی ہیں۔ توقیر ڈار اکیڈمی اور رانا ظہیراکیڈمی کے سرپرست مبارکباد کے مستحق ہیں کہ وہ اپنی مدد آپ کے تحت ہاکی کلبوں کو چلا رہے ہیں۔
اپنی رائے کا اظہار کریں