چار روزہ میچ کی شروعات میں ہی گرین ٹیم کے ہاتھ پاؤں پھول گئے
کینٹربری: مشکل کنڈیشنز میں پاکستانی بیٹسمینوں کے ہاتھ پائوں پھول گئے، کینٹ سے چار روزہ میچ کے پہلے ہی دن پوری ٹیم 168 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
کینٹ سے چار روزہ وارم اپ میچ کے ابتدائی روز سمیع اسلم اور اظہر علی پر مشتمل پاکستان کی اوپننگ جوڑی 12ویں اوور کے وسط میں ٹوٹی تو اسکور بورڈ پر صرف 28 رنز ہی موجود تھے، اظہر کو گڈمین نے بولڈ کیا، انھوں نے 15 رنز بنائے، اگلے اوور کی پانچویں گیند پر سمیع اسلم بھی 13 رنز بناکر میدان سے باہر چلے گئے، انھیں پوڈمور نے ایل بی ڈبلیو کیا۔ مجموعی اسکور 53 ہوا تو حارث سہیل کو صرف 5 رنز پر گڈمین نے پویلین واپس بھیج دیا۔
اسد شفیق نے امام الحق کا ساتھ دینے کی کوشش کرتے ہوئے مجموعے کو 111 تک تو پہنچایا مگر خود 17 رنز پر ہی تھامس کی وکٹ بن گئے، چھٹے نمبر پر آنے والے بابر اعظم 2 چوکوں کی مدد سے 11 رنز بناکر آئوٹ ہوگئے، ہیگیٹ کی گیند پر وکٹ کیپر رائوس نے کیچ لیا۔
حسن علی نے آخر میں ہارڈ ہٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 2 چھکوں اور اتنے ہی چوکوں کی مدد سے 11 بالز پر 24 رنز بنائے، وہ آئوٹ ہونے والے آخری کھلاڑی ثابت ہوئے، پوڈمور کی گیند پر ہیگیٹ نے کیچ لیا، اس کے ساتھ ہی پاکستان کی پہلی اننگز کا 55.2 اوورز میں 168 رنز پر اختتام ہوگیا، ول گڈمین نے 5 جبکہ پوڈمور اورہیگیٹ نے2،2کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔
جواب میں کینٹ نے 15 اوورز میں ایک وکٹ پر 39 رنز بنائے تھے کہ کم روشنی کی وجہ سے کھیل روک دیاگیا، اوپنر بیل ڈرومنڈ (1) کو حسن علی نے پویلین بھیجا، جب کھیل رکا تو ڈکسن 24 اور ڈینلی 12 رنز پر بیٹنگ کررہے تھے۔
اپنی رائے کا اظہار کریں