چیمپئنز ٹرافی ختم، آئی سی سی کا اضافی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کروانے کا فیصلہ
کولکتہ: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے فیوچر ٹور پروگرام 2019 تا 2023 پر تمام رکن ممالک نے دستخط کردیے ہیں جس کے تحت 2021 میں شیڈول چیمپینز ٹرافی ختم کر دی گئی اور اس کی جگہ ورلڈ ٹی ٹوئٹی نے لے لی ہے۔
کولکتہ میں آئی سی سی اجلاس میں 2019 تا 2023 فیوچر ٹور پروگرام ترتیب دیا گیا۔آئی سی سی نے 2021 میں ہونے والا چیمپینز ٹرافی ٹورنامنٹ ختم کر دیا جبکہ بھارت کو 2021 میں ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کی میزبانی دے دی گئی، 2020 میں ہونے والے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کی میزبانی آسٹریلیا کرے گا۔آئی سی سی کے تمام 104 ایسوسی ایٹ ممالک کو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کا درجہ دے دیا گیا جبکہ ٹیسٹ چیمپینز شپ کی بھی منظوری دی گئی جس کا دورانیہ دو دو سال رکھا گیا ہے۔
ٹیسٹ چیمپین شپ کا پہلا سائیکل 2019 سے 2021 تک ہو گا جبکہ دوسرے سائیکل 2021 سے 2023 پر مشتمل ہو گا۔آئی سی سی چیف ایگزیکیٹیو ڈیوڈ رچرڈسن نے اس موقع پر کہا کہ وہ رکن ممالک کی جانب سے متفقہ طور پر فیوچر ٹور پروگرام پر دستخط کیے جانے پر خوش ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے ذریعے کھیل کو دیگر ممالک تک وسعت دی جائے گی اور تمام ٹی ٹوئنٹی کو بین الاقوامی درجہ دینا اس حوالے سے مثبت پیشرفت ہے۔
اپنی رائے کا اظہار کریں