ولیم جاسوس اور ہماری سلیکشن کمیٹی
دورہ آئرلینڈ اور انگلستان کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کے اعلان کا اعزاز آج چیف سلیکٹر انضمام الحق نے حاصل کیا اور سولہ رکنی ٹیم کا اعلان کرکے ثابت کردیا کہ وہی چیف سلیکٹر ہیں
مگر یہ ٹیم دیکھ کر میری ہنسی نکل گئی،، اس لیے نہیں کہ ٹیم جاندار نہیں ہے بلکہ اس لیے ہنسی نکل گئی کہ
چلیں آپ کو بچپن کا ایک لطیفہ سناتا ہوں
ایک جاسوس کمپنی نے اپنے ایک کارندے کو نہایت ہی سیکرٹ پیغام دے کر کسی علاقے میں بھیجا اور بتایا کہ یہ پیغام ولیم جاسوس کو پہنچانا ہے اور کوڈ ورڈ ہے ،،، آج موسم برا سہانا ہے،،، خیر وہ کارندہ بتائے گئے علاقے میں پہنچا اور سب سے پہلے وہاں کے مشہور شراب خانے میں پہنچا اور منیجر سے پوچھا ،،،، تم ولیم کو جانتے ہو ؟ ،،،، منیجر نے کہا میرا نام بھی ولیم ہے،،، تم کو کس ولیم کی تلاش ہے ؟ اس کارندے نے ولیم کی بہت ساری نشانیاں بتائیں مگر منیجر مطلوبہ ولیم کے بارے بتانے میں قاصر نظر آیا
آخر کارندے نے تنگ آ کر کہا کہ ،،،، آج موسم بہت سہانا ہے،،،،
اس پر منیجر خوب ہنسا اور کہا کہ ایسے کہو خوامخواہ وقت ضائع کرتے رہے،،،، اچھا تو تم ولیم جاسوس کو تلاش کر رہے ہو
اب آپ کہیں گے تابی میاں اس لطیفے کو یہاں جوڑنے کا مطلب ؟
تو جناب جیسے شروع میں کہا کہ ٹیم اعلان کا اعزاز چیف سلیکٹر نے حاصل کیا مگر میری ہنسی نکل گئی تو وہ اس لیے کہ اس ٹیم کا ولیم جاسوس کی طرح سب کو پتہ تھا ،،،، چینل تو چینل،،، صحافی تو صحافی،،، عام شائقین کرکٹ کو بھی اعلان کردہ ٹیم کا پتہ تھا کہ کون سے سولہ کھلاڑی چنیں جا رہے ہیں،،، سب کو معلوم تھا کہ فٹنس ٹیسٹ میں سب کو پیچھے چھوڑنے والے فواد عالم ہیڈ کوچ کے فریم میں فٹ نہیں آ رہے اور ان کو ٹیم میں شامل نہیں کیا جائے گا،،، کیوں نہیں کیا جائے گا،،، اس کا جواب کم از کم اب دینا مشکل نظر آ رہا ہے اور ایسا محسوس ہو رہا ہے کہ مکی آرتھر نے ٹھان لی ہے کہ سینیئر کھلاڑیوں کو اب قومی ٹیم میں نہیں آنے دینا تاکہ وہ کسی گاوں کے ٹیچر کی طرح قومی ٹیم کو جیسے مرضی چاہیں ہانکتے رہیں،،، باونڈری پر پی ایس ایل میچ کی طرح کھلاڑیوں کو کوستے رہیں ,,,, جونیئر کھلاڑی کے ساتھ مزہ یہ رہتا ہے کہ انمیں سوال کرنے کی ہمت نہیں ہوتی اور جس میں سوال پوچھنے یا ہیڈ کوچ کے فیصلوں سے اختلاف کی ہمت پیدا ہوئی ،،، وہ جاتا نظر نہیں آیا،،، اس کی کتنی مثالیں ہیں ان سب سے آپ بخوبی آشنا ہیں
یہ تصویر مکی آرتھر کی حاکمیت کی منہ بولتی تصویر ہے،، جس میں صاف دیکھا جارہا ہے کہ ان کا رویہ جارحانہ اور حاکمانہ ہے،،، وسیم حیدر کچھ بولنے کی جسارت کرنا چاہ رہے ہیں مگر ہیڈ کوچ سنا ہے کسی کی نہیں سنتے اور یہ تصویر دیکھ کر ایسا لگ رہا ہے کہ جیسے وہ کہہ رہے ہوں ،،، مجھے چھوٹے چھوٹے کاکے دو ،،،،، منجھے ہوئے اور ڈومیسٹک کرکٹ میں اعلی کارکردگی کے حامل کھلاڑیوں کو پاکستان کپ میں کھیلا لینا
اعلان کردہ ٹیم میں سرفراز احمد (کپتان) اظہرعلی، فخر زمان، امام الحق ، سمیع اسلم، بابراعظم، حارث سہیل، اسد شفیق، عثمان صلاح الدین، سعد علی، حسن علی، شاداب خان، فہیم اشرف، محمد عامر، راحت علی اور محمد عباس شامل ہیں مجھ سے بہت لوگ پوچھ رہے ہیں کہ یہ سعد علی کون ہے ؟
تو ان سے گزارش ہے کہ سعد علی کو ہر گز پرچی نہ کہا جائے کیونکہ سعد علی کا ڈومیسٹک ریکارڈ بہت ہی متاثر کن ہے جس میں ایک ڈبل سنچری بھی شامل ہے
Mat | Inns | NO | Runs | HS | Ave | BF | SR | 100 | 50 | 4s | 6s | Ct | St | |
---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|
First-class | 50 | 82 | 8 | 3473 | 232 | 46.93 | 6753 | 51.42 | 9 | 18 | 481 | 8 | 51 | 0 |
List A | 51 | 42 | 12 | 1448 | 102* | 48.26 | 1719 | 84.23 | 1 | 10 | 141 | 13 | 14 | 0 |
T20s | 5 | 5 | 0 | 118 | 52 | 23.60 | 91 | 129.67 | 0 | 1 | 8 | 4 | 2 | 0 |
منتخب ٹیم میں امام الحق کو بھی مخصوص طبقہ تنقید کا نشانہ بنا رہا ہے ،،، سب سے پہلے تو ان کا بتا دوں کہ وہ انضمام الحق کے بھتیجے ہیں بھانجے نہیں اور کئی بار لکھ چکا ہوں کہ اگر چیف سلیکٹر انضمام الحق نہ ہوتے تو وہ بابر اعظم کے ساتھ ہی قومی ٹیم کا حصہ بن چکے ہوتے
ایک نظر امام الحق کی کارکردگی پر ڈال لیں
Mat | Inns | NO | Runs | HS | Ave | BF | SR | 100 | 50 | 4s | 6s | Ct | St | |
---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|---|
ODIs | 4 | 4 | 1 | 149 | 100 | 49.66 | 203 | 73.39 | 1 | 0 | 9 | 3 | 0 | 0 |
First-class | 34 | 61 | 9 | 1792 | 200* | 34.46 | 4112 | 43.57 | 4 | 9 | 194 | 2 | 24 | 0 |
List A | 32 | 32 | 1 | 1055 | 102 | 34.03 | 1456 | 72.45 | 2 | 6 | 97 | 4 | 6 | 0 |
T20s | 29 | 27 | 6 | 853 | 67 | 40.61 | 741 | 115.11 | 0 | 8 | 78 | 10 | 8 | 0 |
اعلان کردہ ٹیم میں مجھے چند ناموں پر اعتراض ہے اور وہ کارکردگی کی بنا پر نہیں بلکہ مکی آرتھر کے وضع کردہ اصولوں پر،، اگر نوجوان کھلاڑی ہی ٹیم میں شامل کرنا طے پا گیا ہے تو محمد عامر اور راحت علی کی جگہ شاہین شاہ آفریدی اور یکسر نظر انداز عمید آصف کو کیوں شامل نہیں کیا گیا کیونکہ آئر لینڈ اور انگلینڈ کی پچز دونوں فاسٹ باولرز کے نہایت سود مند ثابت ہو سکتی تھیں ،،، مگر کہنے والے کہتے ہیں کہ مکی آرتھر ذاتی پسند نا پسند کے ایسے بخار میں مبتلا ہیں جو کبھی نہیں اتر سکتا ،،،، جو اختیارات وقار یونس مانگتا مانگتا اپنے عہدے سے ہاتھ دھو بیٹھا وہ مکی آرتھر کو پلیٹ میں رکھ کر پیش کردیے گئے ہیں
مجھے اعتراض ہے کہ فواد عالم اور محمد حفیظ کی جگہ حارث سہیل اور عثمان صلاح الدین کو ٹیم میں رکھا گیا اور ہم سب یہ بھی جانتے ہیں کہ گھومتی پچز پر ہماری ٹیم ایسا گھوم جایا کرتی ہے کہ پھر یہی کہا جاتا ہے کہ ہمیں پریکٹس اور موسم کے ساتھ ایڈجیسٹ ہونے کے لیے وقت ہی نہیں ملا ،،، میں جب بھی احمد شہزاد سے ملا ہوں تو مجھے مل کر کوئی خوشی نہیں ہوئی کیونکہ خواہش ہوتی ہے کہ اب احمد شہزاد تبدیل ہوگیا ہوگا ،،، مگر نہیں،،، مگر مجھے یا سلیکشن کمیٹی یا ہیڈ کوچ کو اس سے کیا لینا ؟ کیا احمد شہزاد کبھی فکسنگ میں پکڑا گیا ؟ اگر اس کی زندگی گزارنے کا اپنا سٹائل ہے تو اس سے کسی کو کوئی غرض نہیں ہونی چاہیے مگر یہ یاد رکھنا چاہیے کہ تینوں فارمیٹ میں سنچریاں بنانے کا اعزاز احمد شہزاد کے پاس ہی ہے اور اس کا کھویا ہوا اعتماد سلیکشن کمیٹی اور ہیڈ کوچ نے ہی واپس لانا ہے
خیر ٹیم کا اعلان ہوچکا اور چیئرمین پی سی بی اس کی منظوری دے چکے اور اب خواہش ہے کہ یہ ٹیم کچھ ایسا کرکے دکھائے کہ تنقید کی بجائے تعریف دیکھنے میں آئے،،،، مگر سوال یہ ہے کہ کیا سینیئر کھلاڑی خصوصا بلے باز جائیں تو جائیں کہاں ؟ وہ اپنی پراگرس رپورٹ کس کو پیش کریں ؟ میڈیا پر آئیں تو شوکاز ،،، ہیڈکوچ بات سننے کی بجائے NCA سے نکال دیتا ہے ،،،، چیف سلیکٹر کے پاس جائیں تو وہ پاکستانی ڈومیسٹک پچز پر اعتراض کر دیتے ہیں کہ ایسی پچز نہ بنائی جائیں کہ جن پر رنزوں کے پہاڑ کھڑے ہو جائیں اور ہمارے لیے کھلاڑی منتخب کرنا درد سر بن جائے ،،، چیئرمین پی سی بی کے پاس وقت نہیں ہوتا کہ وہ کبھی کھلاڑیوں کے ساتھ بھی ایک بیٹھک کر لیں اور ان کے رونے بھی سنیں مگر شاید قومی ٹیم سے ذیادہ نجم سیٹھی کو PSL عزیز ہے اور وہ اسی کی کامیابی پاکستان کی کامیابی سمجھتے ہیں
ہاں تو بات ہو رہی تھی ولیم جاسوس کی ،،،، تو جناب ٹیم جو بھی بنے ،،، جو بھی بنائے ،،، حتمی اعلان ہونے تک اس کو جتنا خفیہ رکھا جائے اچھا ہے کیونکہ کئی دن پہلے ہی ٹیم کا منظر عام پر آ جانا تربیتی کیمپ کی اہمیت کھو دیتا ہے اور مسترد کھلاڑی عدم دلچسپی سے حصہ لیتے ہیں ،،،،
مگر سوال یہ ہے کہ یہ ولیم جاسوس ہے کون ؟ اس کا کھوج لگانا ضروری ہے ،، مگر یہ یاد رکھیں کہ پی سی بی میں جو جو بھی ولیم جاسوس ہے وہ میڈیا کے ٹاک شوز کی زینت بنتا ہے،،، ان کی نوکریاں لگی رہتی ہیں،،، ان جاسوسیوں میں کھلاڑی بھی شامل ہے یا ہیں ہاہاہاہا ،،،،،
چلتے چلتے ایک سوال پوچھتا چلوں کہ جیت پر تو سب کے شانے ہلتے نظر آتے ہیں ،،، ٹیم کے لیے آئرلینڈ تو شاید مشکل پیدا نہ کرے مگر انگلینڈ کے خلاف اگر بری کارکردگی آئی تو اس کی ذمہ داری کون قبول کرے گا؟
سلیکشن کمیٹی ؟ ہیڈ کوچ؟
یا
ولیم جاسوس
اپنی رائے کا اظہار کریں