شعیب ملک کے نام بڑا اعزاز پہلے پاکستانی کرکٹربن گئے
دبئی: اسٹار آل راؤنڈر شعیب ملک 300 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے والے پاکستان کے پہلے کھلاڑی بن گئے۔انہوں نے یہ اعزاز دبئی میں پی ایس ایل تھری کے 17 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میدان میں اتر کر حاصل کیا اور اس میچ کو انہوں نے شاندار نصف سنچری سے یادگار بھی بنایا۔
36 سالہ شعیب ملک اپنے 13 سالہ کیریئر میں اب تک 15 مختلف ٹیموں کی نمائندگی کرچکے ہیں جس میں پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم اور متعدد ڈومیسٹک لیگز کی ٹمیں شامل ہیں۔شعیب ملک کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ وہ مختلف ٹیموں کی 97 میچز میں قیادت کرچکے ہیں اور وہ کرکٹ کے مختصر ترین فارمیٹ میں میچز جیتنے کے اعتبار سے کامیاب ترین کپتانوں میں سے ایک ہیں اور ان کی کامیابی کی شرح 69 فیصد ہے۔
شعیب ملک اپنے ٹی ٹوئنٹی کیریئر میں کومیلا وکٹورینز، کراچی کنگز، ملتان سلطانز، پاکستان کرکٹ ٹیم، پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز، سیالکوٹ ریجن اور سیالکوٹ اسٹالینز کی قیادت کرچکے ہیں۔ وہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں دنیا میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے پاکستانی بیٹسمین بھی ہیں اور مختلف ٹیموں کی نمائندگی کرتے ہوئے اب تک 7653 رنز بناچکے ہیں جن میں انٹرنیشنل، ڈومیسٹک اور لیگ میچز شامل ہیں۔
اپنی رائے کا اظہار کریں