ڈویلیئرز کی ٹیم میں واپسی نے بھارتی ٹیم کی نیندیں اُڑادیں
کیپ ٹاون: جنوبی افریقی بلے باز اے بی ڈویلیئرز بھارت کے خلاف ون ڈے سیریز کے آخری تین میچز کے لئے دوبارہ اسکواڈ کا حصہ بن گئے۔
اے بی ڈویلیئرز انگلی کی انجری کے باعث بھارت کے خلاف 6 ایک روزہ میچز کے ابتدائی 3 میچوں سے باہر تھے جن میں جنوبی افریقا کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، تاہم اب ڈویلیئرز کی انجری سے نجات پاکر ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔
جنوبی افریقا اور بھارت کے درمیان 10 جنوری کو کھیلا جانے والا چوتھا ون ڈے چھاتی کے سرطان کی آگاہی کے لئے گلابی گیند سے کھیلا جائے گا اور یہ میچ اس نوعیت کا چھٹا میچ ہوگا۔
جنوبی افریقا کو سیریز بچانے کے لئے میچ لازمی جیتنا ہوگا اور ریکارڈ بتاتا ہے کہ پروٹیز گلابی گیند سے کھیلا جانے والا اب تک کوئی میچ نہیں ہارے۔
اے بی ڈویلیئرز گلابی گیند سے کھیلنے پر مہارت رکھتے ہیں اور تین سال قبل ویسٹ انڈیز کے خلاف گلابی گیند سے کھیلے گئے میچ میں انہوں نے تیز ترین سنچری بنائی تھی۔
جنوبی افریقا کے کپتان فاف ڈپلوسی اور اوپننگ بلے باز کوائنٹن ڈی کوک انجری کے باعث ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز سے باہر ہوچکے ہیں، ڈپلوسی کی عدم موجودگی میں ایڈن مرکرام کو ٹیم کی قیادت کی ذمہ داری سونپی گئی ہے تاہم اے بی ڈویلیئر کی ٹیم میں شمولیت کے بعد وہ بدستور کپتان رہیں گے۔
اے بی ڈویلیئرز اس سے قبل بھی قیادت کے ساتھ ساتھ وکٹ کیپنگ بھی کرچکے ہیں تاہم بھارت کے خلاف سیریز کے آخری تین میچز میں وہ بحیثیت بیٹسمین ہی شامل ہوں گے اور ٹیم کی کمزور بیٹنگ لائن کو سہارا دیں گے۔
اپنی رائے کا اظہار کریں