میں پاکستان کے لیے کھیلتا ہوں،، عامر خان نہیں،،محمد وسیم
پاکستان کے مایہ ناز پروفیشنل باکسر محمد وسیم نے کہا ہے کہ پروموٹرز نے مجھے سوشل میڈیا پر بلاک کردیا ہے،اب تک ناقابل شکست رہنے کے باوجود اس کی ایک ہی ضد ہے کہ اور پیسے لاﺅ ،جس کی وجہ سے میری مالی مشکلات بڑھتی جارہی ہیں، پاکستان کے لئے کھیلا ہوں اور آئندہ بھی پاکستان کے لئے ورلڈ ٹائٹل جیت کر دکھاﺅں گا،جو ملک کے لئے نہیں کھیلتا اس کی پوجا کی جاتی ہے،حکومت اور دیگر ادارے آگے آئین اور میری مالی معاونت کریں تاکی میں پروفیشنل فائٹ میں پاکستان کا پرچم سربلند کرسکوں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن (سجاس ) اور کراچی پریس کلب کے تحت منعقدہ میڈیا بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پاکستان کے پہلے پروفیشنل اور مسلسل 7 مقابلوں میں ناقابل شکست رہنے والے محمد وسیم نے کہا کہ بلوچستان سے تعلق ہونے کے باوجود کراچی پریس کلب اور سجاس نے جس طرح میری حوصلہ افزائی کی ہے وہ ناقابل بیان ہے،بلوچستان کے سابق وزیراعلی نواب ثناءاللہ زہری نے متعدد ملاقاتوں کے باوجود اپنا وعدہ پورا نہیں کیا، امید ہے کہ بلوچستان کے نئے وزیر اعلی میری فائل پر ہمدردانہ غور کریں گے۔بلوچستان میں کھیلوں کا کوئی مستقبل نظر نہیں آرہا۔سابق وزیر اعظم میاں محمد نوازشریف نے جو فنڈز دیئے تھے وہ امریکہ اور کوریا میں خرچ ہوگئے۔پروفیشنل باکسنگ ایک مہنگا کھیل ہے میرے لئے سال میں تین پروفیشنل مقابلوں میں حصہ لینا ضروری ہے لیکن اپنے کورین پروموٹرز اور مالی مشکلات کے باعث رواں سال اپریل میں ہونے والے مقابلے میں شرکت مشکل نظر آرہی ہے۔پروموٹرز پیسے مانگ رہا ہے جبکہ اسپانسر پاکستان کا فلیگ لگانے سے منع کرتے ہیں ،لیکن میں مایوس نہیں ہوں پروموٹرز کی جانب سے سوشل میڈیا پر بلاک کیئے جانے اور زائد العمر ہونے کا تعنہ دینے کے باوجود پاکستان کے لئے ورلڈ ٹائٹل جیت کر دکھاﺅں گا۔محمد وسیم نے پاکستانی اسپانسرز اور حکومت سے مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ برطانوی نژاد باکسر عامر خان کبھی بھی پاکستان کے لئے نہیں کھیلا، اس کے باوجود ملک میں اس کی آﺅں بھگت حیران کن ہے۔محمد عامر اسپانسرز کےلئے پاکستان کا رخ کرتے ہیں۔اسلام آباد میں کسی پاکستانی باکسر کو اکیڈمی دینے کے بجائے پاکستان کے لئے نہ کھیلنے والے کو اکیڈمی دینا لمحہ فکریہ ہے۔ امریکہ اور کوریا سمیت کئی ممالک کی جانب سے شہریت کی پیشکش ہے تاہم پاکستان ہی میری پہچان ہے۔اس سے قبل کراچی پریس کلب کے صدر احمد ملک،سیکریٹری مقصود احمد یوسفی،سجاس کے صدر طارق اسلم اور سیکریٹری سجاس اصغر عظیم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان جیسے پسماندہ صوبے سے تعلق رکھنے کے باوجود باہمت محمد وسیم کا مسلسل 7 مقابلوں میں ناقابل شکست رہنا ایک بڑا کارنامہ ہے حکومت پاکستان اور بلوچستان کی صوبائی حکومت عظیم ہیرو کے مسائل حل کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔ملک کی موجودہ صورتحال میں کھیل اور کھلاڑی کو سپورٹ کرنا ضروری ہے
اپنی رائے کا اظہار کریں