پاکستانی ٹیم پر نئے سال کی پہلی وائٹ واش شکست کا داغ لگ گیا
ویلنگٹن:نیوزی لینڈ نے پاکستانی کرکٹ ٹیم کو آخری ون ڈے میچ میں15رنز سے شکست دیکر وائٹ واش کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی ٹیم پر نئے سال کی پہلی وائٹ واش شکست کا داغ لگ گیا ہے اور کیویز نے پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں بھی شاہینوں کو شکست دیدی۔میزبان نیوزی لینڈ کے 272 رنز ہدف حاصل کرنے میں قومی ٹیم ناکام رہی اور 49ویں اوور میں 256رنز بنا کر ڈھیر ہوگئی۔
پاکستان کی جانب سے فخر زمان 12، عمر امین 2، بابر اعظم 10، محمد حفیظ 6، سرفراز احمد 3، رومان رئیس 5 اور فہیم اشرف اور محمد نواز 23، 23 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔حارث سہیل اور شاداب خان کی پارٹنرشپ نے پاکستان کی اننگز کو کچھ سہارا دیا، حارث سہیل شاندار 63 رنز اور شاداب خان 54 رنز بناکر پویلین لوٹے۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہونے والے پانچویں اور آخری ون ڈے میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے مقررہ 50 اوور میں7وکٹوں کے نقصان پر 271 رنز بنائے جس میں گپٹل نے 100 رنز جبکہ روز ٹیلر 59 رنز بنائے۔
کیویز کے پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کولن منرو 34 رنز بنا کر 52 کے مجموعی سکور پر رومان رئیس کی گیند پر محمد نواز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ان کے بعد آنے والے کپتان ویلمسن بھی زیادہ دیر تک کریز پر موجود نہ رہ سکے اور 22 رنز بنا کر یامین کی گیند پر عمر امین کے ہاتھوں 101 کے مجموعی سکور پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی مارٹن گپٹل 100رنز کی شاندرار اننگز کھیل کر رومان رئیس کی گیند پر محمد حفیظ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے تب ٹیم کا مجموعی سکور 213 تھا جبکہ روز ٹیلر 59 رنز کی اننگز کھیل کر 232 کے مجموعی سکور پر فہیم اشرف کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ہنری نکلوس ایک رنز کے ساتھ رنز آؤٹ ہوئے۔چھٹے آؤٹ ہونے والے لیتھم دو رنز کے ساتھ فہیم اشرف کی گیند پر سرفراز کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ساتویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی سینٹنر ایک رنز کے ساتھ رن آؤٹ ہوئے تب ٹیم کا مجموعی سکور پر 244 تھا۔
اپنی رائے کا اظہار کریں