روی شاستری کو بھارتی کرکٹ ٹیم کا نیا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا ہے
نئی دہلی : بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے بہت غور و حوض کے بعد بالآخری روی شاستری کو بھارتی کرکٹ ٹیم کا نیا ہیڈ کوچ مقرر کر دیا ہے۔ روی شاستری اس سے قبل 16-2014ء میں بھارتی کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر تھے جب انیل کمبلے نے ہیڈ کوچ کی ذمہ داری سنبھالی تھی۔
انیل کمبلے پورا ایک سال بھارتی ٹیم کے کوچ رہے تاہم انہیں کپتان ویرات کوہلی کیساتھ تنازعات کے باعث اپنے عہدے سے استعفیٰ دینا پڑا جو چیمپینز ٹرافی کے فائنل میں پاکستان کے ہاتھوں شکست کے بعد سامنے آیا۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ چیمپینز ٹرافی کے دوران ہی ہیڈ کوچ کی اسامی کیلئے درخواستیں طلب کی گئی تھیں جس پر 10 افراد نے بورڈ سے رجوع کیا تھا جن میں سے 5 کے نام شارٹ لسٹ کئے گئے اور کرکٹ ایڈوائزری کمیٹی نے ان کے انٹرویو لئے۔ انٹرویوز کے بعد جلد ہی نئے کوچ کے اعلان کی توقع کی جا رہی تھی تاہم سابق کپتان سارو گنگولی نے انکشاف کیا کہ وہ اس سے پہلے ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کیساتھ مشورہ کرنا چاہتے ہیں۔
ہیڈ کوچ کی اسامی کیلئے درخواستیں جمع کرانے والوں میں سے جن پانچ افراد کے نام شارٹ لسٹ کئے گئے تھے ان میں رچرڈ پائیبس، لال چند راجپوت، ٹام موڈی، وریندر سہواگ اور روی شاستری شامل تھے اور بھارتی میڈیا کے مطابق روی شاستری سے انٹرویو کے دوران کئی سوالات کئے گئے تاہم بالآخر انہیں کوچ تعینات کر دیا گیا ہے۔
اپنی رائے کا اظہار کریں