سلمان آغا اور محمد رضوان سفید گیند کرکٹ کے کپتان مقرر
دورۂ نیوزی لینڈ کے لیے پاکستان کے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی اسکواڈز کا اعلان۔ سلمان علی آغا ٹی ٹوئنٹی کے کپتان مقرر،
شاداب خان ٹی ٹوئنٹی میں نائب کپتان ہونگے۔
محمد رضوان ون ڈے کپتان برقرار رہیں گے۔
ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کی شمولیت۔ عاقب جاوید دورہ نیوزی لینڈ میں عبوری ہیڈ کوچ رہیں گے ، محمد یوسف بیٹنگ کوچ مقرر۔
لاہور 4 مارچ 2025:
نیوزی لینڈ کے خلاف 16 سے 26 مارچ تک ہونے والی پانچ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کے لیے سلمان علی آغا کو پاکستان ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا کپتان مقرر کردیا گیا ہے، شاداب خان نائب کپتان ہونگے۔
محمد رضوان ون ڈے کپتان کے طور پر برقرار رہیں گے ۔29 مارچ سے 5 اپریل تک 50 اوورز کے تین ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کے لیے سلمان علی آغا ان کے نائب کے طور پر خدمات انجام دیں گے۔
سلمان اور شاداب کو بالترتیب ٹی ٹوئنٹی کپتان اور نائب کپتان مقرر کرنے کا فیصلہ آنے والے دو بڑے ٹورنامنٹس اے سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ2025 (ستمبر 2025) اور آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ ( فروری مارچ 2026 ) کو دیکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
سلمان نے اس سے قبل گزشتہ سال زمبابوے کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پاکستان کی قیادت کی تھی جس میں 2-1 سے کامیابی حاصل کی تھی۔
آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کی تیاریوں کے ایک حصے کے طور پر پاکستان اے سی سی ایشیا کپ 2025 میں کم از کم پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز اور تین تین میچز ویسٹ انڈیز کے خلاف ( اوے ، جولائی)، افغانستان (ہوم، اگست)، آئرلینڈ (ہوم، ستمبر)، جنوبی افریقہ (ہوم، ستمبر اکتوبر)، سری لنکا ( ہوم نومبر) اور آسٹریلیا (جنوری 2026) کھیلے گا۔
محمد رضوان ون ڈے ٹیم کی قیادت جاری رکھیں گے کیونکہ پاکستان آئی سی سی مینز 50 اوورز کرکٹ ورلڈ کپ 2027 کی تیاری کر رہا ہے جو اکتوبرنومبر 2027 میں نمیبیا، جنوبی افریقہ اور زمبابوے میں ہوگا۔
دورہ نیوزی لینڈ کے لیے پاکستانی اسکواڈ:
ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ ۔ سلمان علی آغا (کپتان) شاداب خان (نائب کپتان) عباس آفریدی، عبدالصمد، ابرار احمد، حارث رؤف، حسن نواز، عرفان خان نیازی، جہانداد خان، خوشدل شاہ، محمد علی، محمد حارث، عمیر بن یوسف، شاہین شاہ آفریدی، سفیان مقیم اور عثمان خان ۔
ون ڈے اسکواڈ ۔ محمد رضوان (کپتان) سلمان علی آغا (نائب کپتان) عبداللہ شفیق، ابرار احمد، عاکف جاوید، بابر اعظم، فہیم اشرف، امام الحق، عرفان خان نیازی، خوشدل شاہ، محمد علی، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، سفیان مقیم اور طیب طاہر۔
اوپنر فخر زمان اور صائم ایوب کو طبی مشورے پر دونوں فارمیٹ کے لیے زیر غور نہیں لایا گیا۔
فخر کو نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان کے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے افتتاحی میچ کے دوران بائیں نچلے انٹرکوسٹل پٹھوں میں موچ کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ صائم جنوری میں جنوبی افریقہ کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے پہلے دن دائیں ٹخنے کے فریکچر کے بعد صحت یاب ہو رہے ہیں۔ دونوں کے 11 اپریل 2025 کو راولپنڈی میں شروع ہونے والی ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 10 کے لیے مکمل فٹ ہونے کی امید ہے۔
ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں تین ان کیپڈ کھلاڑی عبدالصمد، حسن نواز، اور محمد علی شامل ہیں جبکہ عاکف جاوید اور محمد علی نے ابھی ون ڈے ڈیبیو کرنا ہے۔ ان کھلاڑیوں کو چیمپئنز ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کپ میں شاندار کارکردگی کی بنیاد پر اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
چیمپئنز ٹی ٹوئنٹی کپ میں عبدالصمد نے 166.67 کے اسٹرائیک ریٹ پر 115 رنز بنائے جبکہ چیمپئنز ون ڈے کپ میں انہوں نے122 کے اسٹرائیک ریٹ پر 145 رنز اسکور کیے۔ اسی طرح حسن نواز چیمپیئنز ٹی ٹوئنٹی کپ میں 142.47 کے اسٹرائیک ریٹ سے 312 رنز بنا کر دوسرے نمبر پر رہے۔
محمد علی 22 وکٹوں کے ساتھ چیمپئنز ٹی ٹوئنٹی کپ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر تھے جبکہ انہوں نے چیمپئنز ون ڈے کپ میں تین وکٹیں حاصل کی تھیں۔
عاکف جاوید کو چیمپئنز ون ڈے کپ کے پانچ میچوں میں سات وکٹیں لینے کے بعد ون ڈے ٹیم میں منتخب کیا گیا ہے، جبکہ انہوں نے چیمپئنز ٹی ٹوئنٹی کپ میں 15 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
عاقب جاوید دورہ نیوزی لینڈ میں عبوری ہیڈ کوچ کے طور پر کام جاری رکھیں گے۔ ان کی اصل مدت آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2025 تک تھی لیکن انہیں مستقل ہیڈ کوچ کی تلاش شروع ہونے تک اپنی مدت میں توسیع کے لیے کہا گیا ہے۔ محمد یوسف کو بیٹنگ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔
پلیئر سپورٹ اسٹاف –
نوید اکرم چیمہ (ٹیم مینیجر) عاقب جاوید (عبوری ہیڈ کوچ) اظہر محمود (اسسٹنٹ کوچ)، محمد یوسف (بیٹنگ کوچ) محمد مسرور (فیلڈنگ کوچ)، کلف ڈیکن (فزیو تھراپسٹ)، ڈریکس سائمن (اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشننگ کوچ)، طلحہ بٹ ( انالسٹ ) ارتضی کمیل (سکیورٹی مینیجر) ڈاکٹر واجد علی رفائی (ٹیم ڈاکٹر) سید نعیم احمد (میڈیا اور ڈیجیٹل منیجر) اور سرجیو باسل مولنز ( میسیور)۔
نیوزی لینڈ کے دورے کا شیڈول:
16 مارچ – پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ، ہیگلے اوول، کرائسٹ چرچ
18 مارچ – دوسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل، یونیورسٹی اوول، ڈنیڈن
21 مارچ – تیسرا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل، ایڈن پارک، آکلینڈ
23 مارچ – چوتھا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل، بے اوول، ماؤنٹ مونگانوئی
26 مارچ – پانچواں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل، اسکائی اسٹیڈیم، ویلنگٹن
29 مارچ – پہلا ون ڈے انٹرنیشنل ، میک لین پارک، نیپیئر
2 اپریل – دوسرا ون ڈے انٹرنیشنل، سیڈن پارک، ہیملٹن
5 اپریل – تیسرا ون ڈے انٹرنیشنل، بے اوول، ماؤنٹ مونگانوئی
اپنی رائے کا اظہار کریں