قاسم اکرم ۔ بابراعظم کی طرح شہرت کی بلندیوں کو چھُونے کے خواہاں
بابراعظم کی طرح نام بنانا چاہتا ہوں، قاسم اکرم
لاہور، 7 جون 2022ء:
محدود طرز کی عالمی درجہ بندی میں صف اول کے بیٹر اور پاکستان کے کپتان بابراعظم دنیائے کرکٹ کے نوجوانوں کے لیےایک مثال ہیں۔ دنیا بھر میں موجود لاتعداد پرستاروں کی طرح قومی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان قاسم اکرم بھی بیٹنگ میں بابراعظم کو اپنے لیے مشعل راہ سمجھتے ہیں ۔
19 سالہ نوجوان کرکٹر کا کہنا ہے کہ بابراعظم ان کے پسندیدہ بیٹر ہیں اور وہ انہی کی طرح دنیائے کرکٹ میں نام کما نا چاہتے ہیں۔
بابراعظم کی طرح قاسم اکرم کا تعلق بھی لاہور سے ہے۔دونوں نے اپنے کرکٹ کا سفر کا آغاز دائیں ہاتھ کے مڈل آرڈر بیٹر اور آف اسپن باؤلنگ سے کیا۔ قاسم اکرم سینٹرل پنجاب اور کراچی کنگز میں بابراعظم کی زیرقیادت کھیل رہے ہیں۔
قاسم اکرم کا کہنا ہے کہ بابراعظم کے ساتھ سینٹرل پنجاب اور کراچی کنگز کے ڈریسنگ رومز شیئر کرنے کا تجربہ ناقابل فراموش ہے۔ ایک بیٹر کی حیثیت سےانہوں نے پاکستان کے کپتان سے لمبی اننگز کھیلنے کے لیے کریز پر ٹھہرے رہنے، کؤر ڈرائیو کھیلنے اور پل شاٹ میں بہتری لانے کے لیے مفید مشورے لیے ہیں۔
قاسم اکرم کے والد لاہور میں لُنڈا بازار کی دکان پر کام کرتے ہیں۔ نوجوان آلراؤنڈرنے آئی سی سی انڈر 19 کرکٹ ورلڈکپ 2022 کے 6 میچز میں 203 رنز بنانے کے ساتھ ساتھ 10 وکٹیں بھی حاصل کیں۔ انہوں نے نیشنل ٹی ٹونٹی میں سینٹرل پنجاب کی نمائندگی کرتے ہوئے 11 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 میں کراچی کنگز کی نمائندگی کرتے ہوئے انہوں نے ایک نصف سنچری بھی بنائی تھی۔گزشتہ سیزن میں کھیلے گئے پاکستان کپ میں بھی انہوں نے 285 رنز بنائے اور 10 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
نوجوان کرکٹر نے کہا کہ بابراعظم نے دنیابھر میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا ہے اور وہ ان کی بیٹنگ صلاحیتوں کے مداح ہیں۔ وہ دنیا کے نمبر ون بیٹر کے ہمراہ ڈریسنگ روم کا تبادلہ کرنے پر خود کو خوش قسمت سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بابراعظم نے اپنی بیٹنگ کے ذریعےدنیا بھر میں پاکستان کرکٹ کا جو معیار مقرر کیا ہے وہ اسے حاصل کرنے کی خواہش رکھتے ہیں۔
قاسم اکرم کا تعلق ان 107 نوجوان کھلاڑیوں میں سے ہے، جو پی سی بی پاتھ ویز پروگرام کا حصہ ہیں۔ ان باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ 14 جون سے مریدکے میں شروع ہوگا، جو چار ہفتے تک جاری رہے گا۔
ان کا کہنا ہے کہ پی سی بی پاتھ ویز پروگرام نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک زبردست اقدام ہے، جس کے تحت نوجوان کھلاڑیوں کو مکمل تعلیمی اسکالرشپ اور 30 ہزار روپے ماہوار وظیفہ دیا جائے گا۔
قاسم اکرم اب تک 9 فرسٹ کلاس میچز میں 14 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ شعیب ملک اور محمد حفیظ کی طرح ایک آلراؤنڈرکی حیثیت سے اپنے کیرئیر کو طول دینا چاہتے ہیں۔ وہ فی الحال اپنی آف اسپن باؤلنگ میں بہتری لانے کی ہر ممکن کوشش کررہے ہیں۔
اپنی رائے کا اظہار کریں