بسمعہ معروف قومی ویمن ٹیم کی قیادت جاری رکھیں گی
بسمہ معروف سیزن 23-2022 کے لیے قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان برقرار
لاہور، 12 مئی 2022ء:
پاکستان کرکٹ بورڈ نے بسمہ معروف کو سیزن 23-2022 کے لیے قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان برقرار رکھنے کا اعلان کردیا ہے۔ اس سیزن کے دوران پاکستان کو اے سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ایشیا کپ اور آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سمیت 25 میچز کھیلنے ہیں۔
سیزن کا آغاز رواں ماہ سری لنکا کے خلاف کراچی میں شیڈول تین ٹی ٹونٹی اور تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز سے ہوگا۔
جس کے بعد قومی خواتین کرکٹ ٹیم بیلفاسٹ آئرلینڈ روانہ ہوجائے گی، جہاں وہ میزبان آئرلینڈ اور ورلڈ چیمپئن آسٹریلیا کے خلاف سہ ملکی ٹی ٹونٹی سیریز میں شرکت کرے گی۔ یہ سیریز 12 سے 24 جولائی تک کھیلی جائے گی۔
سہ ملکی سیریز مکمل کرنے کے بعد قومی خواتین کرکٹ ٹیم بسمہ معروف کی قیادت میں برمنگھم روانہ ہوگی، جہاں اسے 25 جولائی سے 8 اگست تک شیڈول کامن ویلتھ گیمز میں شرکت کرنی ہے۔
آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ 2022 کی طرح بسمہ معروف بیلفاسٹ اور برمنگھم بھی اپنی بیٹی اور والدہ کے ہمراہ روانہ ہوں گی۔ پی سی بی اپنی پیرنٹل اسپورٹ پالیسی کے تحت یہ اخراجات برداشت کرے گا۔
پھر اکتوبر میں آئرلینڈ کی ویمنز کرکٹ ٹیم کو پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کرنا ہے۔دورے میں تین ٹی ٹونٹی اور تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز شامل ہوں گے۔ اس کے بعد قومی خواتین کرکٹ ٹیم کو اے سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ایشیا کپ میں شرکت کرنی ہوگی۔ اس کے فوری بعد پاکستان ویمنز ٹیم آسٹریلیا پہنچے گی، جہاں وہ آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سے قبل میزبان ملک کے خلاف تین ٹی ٹونٹی اور تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز کی سیریز کھیلے گی۔
بسمہ معروف، کپتان قومی خواتین کرکٹ ٹیم:
قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف کا کہنا ہے کہ اپنے ملک کی قیادت کرنا کسی بھی کھلاڑی کے لیے اعزاز ہوتا ہے اور انہیں خوشی ہے کہ وہ اس عہدے پر کام جاری رکھیں گی۔سیزن 23-2022 پاکستان ویمنز کرکٹ کا ایک مصروف ترین سیزن ہے اور تمام کھلاڑی اس سیزن میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے لیے بہت پرجوش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس سیزن میں شیڈول ہر میچ بہت اہمیت کا حامل ہے۔ سیزن میں شامل دوطرفہ ون ڈے انٹرنیشنل میچز پاکستان ویمنز ٹیم کی آئندہ آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ میں براہ راست رسائی کی صورتحال واضح کردیں گے جبکہ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز قومی خواتین کرکٹ اسکواڈ میں شامل کھلاڑیوں کوفروری میں شیڈول آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کی تیاریوں میں معاونت کریں گے۔
بسمہ معروف نے کہا کہ وہ اب تک اپنے کرکٹ کیرئیر میں بھرپور تعاون کرنے اور اب فاطمہ کی پیدائش کے بعد ورک لائف توازن کو برقرار رکھنے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی بہت مشکور ہیں۔ ایک وقت آیا تھا کہ جب انہوں نے اپنے شوق کو چھوڑنے کا فیصلہ کرلیا تھا مگر پاکستان کرکٹ بورڈ نے میٹرنٹی پالیسی متعارف کرواکے انہیں ایسا کرنے سے روکا اور اپنے شوق کی تکمیل میں ان کا بھرپور ساتھ دیا۔
انہوں نے کہا کہ وہ بھرپور اسپورٹ کرنے پر اپنے اہلخانہ خصوصاََ شوہر ابرار کی بھی بہت شکر گزار ہیں ۔
تانیہ ملک، سربراہ ویمنز کرکٹ:
سربراہ ویمنز کرکٹ تانیہ ملک کا کہنا ہے کہ وہ قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی قیادت کی ذمہ داریوں پر برقرار رہنے پر بسمہ معروف کو مبارکباد پیش کرتی ہیں۔ وہ آن اور آف دا فیلڈ اپنے طرز عمل کی بدولت دنیا بھر کی خواتین کے لیے ایک متاثرکن شخصیت کی حیثیت رکھتی ہیں۔ انہیں امید کہ قومی خواتین کرکٹ ٹیم بسمہ معروف کی زیرقیادت آئندہ سال بہترین نتائج دے گی۔
بسمہ معروف نےدسمبر 2006 میں 15 سال کی عمر میں بھارت کے خلاف ڈیبیو کیا تھا۔ وہ 5000 سے زائد انٹرنیشنل رنز بنانے والی پاکستان کی واحد خاتون کھلاڑی ہیں۔انہیں 2016 میں قومی ٹی ٹونٹی ٹیم اور 2017 میں قومی ون ڈے انٹرنیشنل ٹیم کی کپتان مقرر کیا گیا تھا۔
اپنی رائے کا اظہار کریں