پاکستان کپ کا فیصلہ کُن راٶنڈ پیر سے شروع ہوگا
پاکستان کپ کا سیمی فائنل مرحلہ پیر سے شروع ہوگا
لاہور، 27 مارچ 2022ء:
ڈومیسٹک سیزن 22-2021 کا آخری ٹورنامنٹ، پاکستان کپ کا سیمی فائنل مرحلہ 28 مارچ بروز پیر سے کھیلا جائے گا۔پیر اور بدھ کو ہونے والے دونوں سیمی فائنلز ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ ٹورنامنٹ کا فائنل بھی یکم اپریل کو اسی مقام پر کھیلا جائے گا۔
دفاعی چیمپئن خیبرپختونخوا کی ٹیم نے ڈومیسٹک سیزن کا مسلسل چھٹا ٹائٹل جیتنے پر نظریں مرکوز کر رکھی ہیں۔وہ اس سے قبل نیشنل انڈر 13، 16، 19 اور نیشنل ٹی ٹونٹی کپ سمیت قائداعظم ٹرافی بھی جیت چکی ہے۔ مختلف شہروں میں جاری پاکستان کپ میں بھی دفاعی چیمپئن نے پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ پوزیشن حاصل کی۔ مجموعی طور پر 10 راؤنڈز کے 30 میچز میں خیبرپختونخوا اور بلوچستان کی ٹیموں نے 14،14 پوائنٹس حاصل کیے تاہم بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر خیبرپختونخوا کو ٹیبل ٹوپر قرار دیا گیا۔
سندھ کی ٹیم نے 12 اور سینٹرل پنجاب کی ٹیم نے 10 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر بالترتیب تیسری اور چوتھی پوزیشن حاصل کی۔
ایونٹ کے دونوں سیمی فائنلز پی ٹی وی اسپورٹس پر براہ راست نشر کیے جائیں گے۔ ٹورنامنٹ کا پہلا سیمی فائنل خیبرپختونخوا اور سینٹرل پنجاب کے مابین پیر کی صبح 9:30 بجے کھیلا جائے گا۔ بلوچستان اور سندھ کی ٹیمیں ایونٹ کے دوسرے سیمی فائنل میں بدھ کو مدمقابل آئیں گی۔ یہ دونوں میچز پی سی بی کے یوٹیوب چینل پر بھی براہ راست نشر کیے جائیں گے۔
طارق سعید، علی یونس، شاہ فیصل، ایاز محمداور لینا عزیزان میچز پر تبصرے کے لیے کمنٹری پینل میں موجود ہوں گے۔
خیبرپختونخوا بمقابلہ سینٹرل پنجاب:
دونوں ٹیمیں دو مرتبہ گروپ مرحلے میں مدمقابل آئیں۔ پہلی مرتبہ خیبرپختونخوا نے سینٹرل پنجاب کو پانچ وکٹوں سے ہرایا۔ دوسری مرتبہ کھیلے گئے میچ میں سینٹرل پنجاب نے خیبرپختونخوا کو 15 رنز سے شکست دے دی۔خیبرپختونخوا کے عادل امین اب تک 10 میچز میں 393 رنز بناچکے ہیں۔ محمد سرور آفریدی 356 اور کامران غلام 352 رنز بناکر ان کا ساتھ نبھا رہے ہیں۔ اسی طرح باؤلنگ میں کپتان خالد عثمان 23 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔
سینٹرل پنجاب کی جانب سے اوپنر احمد شہزاد سب سے زیادہ 421 رنز بناچکے ہیں۔ رضوان حسین کے رنز کی تعداد 388 ہے۔ باؤلنگ میں کپتان وہاب ریاض نے 13 اور حسین طلعت نے 12 وکٹیں حاصل کررکھی ہیں۔
وہاب ریاض، کپتان سینٹرل پنجاب:
سینٹرل پنجاب کے کپتان وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ گروپ مرحلے کے آخری دونوں میچز میں کامیابی سے ٹیم کا مورال بلند ہے۔ ان دو میں سے ایک کامیابی دفاعی چیمپئن خیبرپختونخوا کے خلاف کھیلے گئے میچ میں حاصل کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ سینٹرل پنجاب کی ٹیم کے باؤلنگ اور بیٹنگ دونوں شعبے متوازی ہیں اور انہیں اپنی ٹیم سے ناک آؤٹ مرحلے میں بہترین کارکردگی کی امید ہے۔
خالد عثمان، کپتان خیبرپختونخوا:
دفاعی چیمپئن کے کپتان خالد عثمان کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا کی تمام ٹیموں نے اس ڈومیسٹک سیزن میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ان کی ٹیم کےکھلاڑی بھی بہترین فارم میں ہیں اور وہ پراعتماد ہیں کہ خیبرپختونخوا کی ٹیم ڈومیسٹک سیزن 22-2021 کا آخری ٹورنامنٹ جیت کر مجموعی طور پر سیزن کا چھٹا ٹورنامنٹ اپنے نام کریں گی۔
سندھ بمقابلہ بلوچستان:
دونوں ٹیموں کے مابین کھیلے گئے دونوں گروپ میچز میں سندھ نے بلوچستان کو شکست سے دوچار کیا۔ فیصل آباد میں کھیلے گئے پہلے میچ میں سندھ نے بلوچستان کو6 وکٹوں اور دوسرے میچ میں سندھ نے حریف ٹیم کو 9 وکٹوں سے شکست دی تھی۔
شرجیل خان 534 رنز بناکر سندھ کے ٹاپ اسکورر رہے۔ باؤلنگ میں سہیل خان اور ابرار احمد نے 15،15 وکٹیں حاصل کررکھی ہیں۔ بلوچستان کے عمران بٹ کے ٹورنامنٹ میں رنز کی تعداد 470 جبکہ اسد شفیق کے 425 ہیں۔ نوجوان حسیب اللہ اب تک 438 اور عبدالواحد بنگلزئی 405 رنز بناچکے ہیں۔ کپتان یاسر شاہ 18 جبکہ عاکف جاوید 14 وکٹیں حاصل کرکے سرفہرست ہیں۔
میر حمزہ، کپتان سندھ:
میر حمزہ نے کہا کہ سندھ کے تمام کھلاڑی متحد اور اپنی صلاحیتوں کے عین مطابق بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ سرفراز احمد جیسے تجربہ کار کھلاڑی کی واپسی سے اسکواڈ مزید مضبوط ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کی ٹیم ناک آؤٹ مرحلے میں بھی نتائج سے بے پرواہ ہوکر بہترین کرکٹ کھیلے گی۔
یاسر شاہ، کپتان بلوچستان:
یاسر شاہ کا کہناہے کہ ان کی ٹیم نے ٹورنامنٹ میں تسلسل سے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ان کی ٹیم میں سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں کا بہترین امتزاج موجود ہے۔وہ پرامید ہیں کہ بلوچستان کی ٹیم اپنی فتوحات کاردھم برقرار رکھتے ہوئے ٹورنامنٹ کی ٹرافی اٹھائے گی۔
– ENDS –
اپنی رائے کا اظہار کریں