ملاٸیشیا بمقابلہ پاکستان ویمن بیس بال 27 مارچ سے لاہور میں
پریس
پاکستان اور ملائیشیا کی ویمن بیس بال ٹیموں کے مابین ویمن بیس بال سیریز کل سے بحریہ ٹاؤن لاہور میں کھیلی جائے گی
پاکستان اور ملائیشیا کی نیشنل ویمن بیس بال ٹیموں کے مابین تین میچوں پر مشتمل ویمن بیس بال سیریز کل سے بحریہ ٹاؤن لاہور میں کھیلی جائے گی۔ دونوں ٹیمیں بحریہ ٹاؤن لاہور پہنچ گئیں۔
بحریہ ٹاؤن لاہور میں منعقد ہونے والی سیریز کے حوالے سے پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر سید فخر علی شاہ نے دونوں ٹیموں کی کپتانوں کے ہمراہ نیشنل ھاکی سٹیڈیم میں پریس کانفرنس کی۔ اس موقع پر ملائیشین بیس بال فیڈریشن کے صدر سزالی بن حسین بھی موجود تھے۔
سید فخر علی شاہ نے ملائیشین ویمن بیس بال ٹیم کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ پاکستان سمیت خطے میں بیس بال کے فروغ کے لئے اقدامات کریں گے۔ ملائیشین ویمن بیس بال ٹیم کا پاکستان آنا خوش آئند ہے۔ سیریز کا پہلا میچ 27، دوسرا 28 اور تیسرا میچ 29 مارچ کوکھیلا جائے گا۔
ملائیشین ویمن بیس بال ٹیم کی کپتان عائشہ کا کہنا تھا کہ پاکستان آکر کھیلنے پر خوش ہیں۔ ہماری توجہ اس وقت ہار جیت سے زیادہ کھلاڑیوں کی کارکردگی پر ہے اور ہماری کوشش ہوگی کہ بہتر نتائج دیں۔ پاکستان ویمن بیس بال ٹیم کی کپتان زینب ریاض کا کہنا تھا کہ ملائیشین ٹیم کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہیں۔ تمام کھلاڑی سیریز کے لئے بہت پرجوش ہیں اور دونوں ٹیمیں بہترین ہیں، امید ہے کہ سیریز کے میچز دلچسپ ہوں گے۔ ملائیشین بیس بال فیڈریشن کے صدر سزالی بن حسین نے سیریز کے انعقاد کے لئے پاکستان فیڈریشن بیس بال کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے فیڈریشن کا شکریہ ادا کیا اور امیدظاہر کی اس سیریز سے دونوں ممالک کے مابین بہتر تعلقات کو فروغ ملے گا اور ویمن بیس بال ڈیویلپ منٹ میں بھی بہت زیادہ مدد ملے گی۔
سیریز کی تیاریوں کے سلسلے میں پاکستان جونیئر ویمن بیس بال ٹیم اور ملائیشین ویمن بیس بال ٹیم کے درمیان ایک پریکٹس میچ بحریہ بیس بال گراؤنڈ بحریہ ٹاؤن لاہور میں کھیلا گیا۔ ملائیشین ٹیم نے ایک سخت مقابلے کے بعد پاکستان جونیئر ٹیم کو 13-11 سے شکست دے دی۔ میچ کے مہمان خصوصی پاکستان فیڈریشن بیس بال کے صدر سید فخر علی شاہ تھے۔ اس موقع پر ملائیشین بیس بال فیڈریشن کے صدر سزالی بن حسین، پاکستان بیس بال ٹیم کے ہیڈ کوچ مصدق حنیف، پاکستان ویمن بیس بال ٹیم کے کوچ طارق ندیم کے علاوہ فیڈریشن کے دیگر آفیشلز جن میں ناصر بٹ، ندیم سجاد شاہ اور میاں احمد شامل ہیں بھی موجود تھے۔
میچ میں ملائیشین ٹیم کی جانب سے فرح بنت رملی، علینا بنت صالح، نورالعین فرح بنت یوسف اور نفیزابنت محمد طیب نے 2 رن جبکہ افرینہ بنت حلمی، نور افرینہ بنت ازمان علی، نورالعین عزت بنت یوسف، سبتی نور عائشہ بنت ثمین اور نورشہدا بنت عبدالراشد نے 1 رن سکور کیا۔ پاکستان جونیئر ویمن بیس بال ٹیم کی جانب سے ایلی نے 3 رن، مہوش غلام اور انمول نے 2 رن جبکہ خضریٰ، راویل، چمن اور گل پری نے 1 رن سکورکیا۔
اپنی رائے کا اظہار کریں