پاک آسٹریلیا سیریز کے لیے کمنٹیٹرز کا اعلان کر دیا گیا
بینو قادر ٹرافی کے لیے کمنٹیٹرز کا اعلان کردیا گیا
راولپنڈی، 2 مارچ 2022ء:
پاکستان کرکٹ بورڈ نے آسٹریلیا کے خلاف تاریخی سیریز کے لیے سابق کھلاڑیوں اور ممتاز کمنٹیٹرز پر مشتمل کمنٹری پینل کا اعلان کردیا ہے۔3 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا ٹیسٹ 4 مارچ سے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا ۔ آسٹریلیا کے دورہ پاکستان میں 3 ون ڈے اور ایک ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل بھی شامل ہے۔
انگلینڈ کے راب کی، آسٹریلیا کے مائیکل کیسپرووچ ، پاکستان کے سابق کپتان وقار یونس، بازید خان اور قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان عروج ممتاز پر مشتمل پینل دونوں ممالک کے مابین 24 سال بعد 4 مارچ سے 5 اپریل تک پاکستان میں کھیلی جانے والی سیریز میں کمنٹری کرے گا۔
آسٹریلیا کے سابق اوپنر سائمن کیٹچ صرف بینو قادر ٹرافی میں کمنٹری کریں گے۔ یہ ان کا اور مائیکل کیسپرووچ کا پاکستان میں کمنٹری ڈیبیو ہوگا۔اس کے علاوہ زینب عباس اور سکندر بخت پری میچ اور پوسٹ میچ شوز کی میزبانی کریں گے۔پرزینٹر نیرولی میڈوزصرف ابتدائی دو ٹیسٹ میچز کے لیے دستیاب ہوں گی۔
ایونٹ کی کوریج کے دوران کُل 28 ایچ ڈی کیمرے استعمال کیے جائیں گے۔اس دوران ڈی آر ایس کے لیے ہاک آئی اور ایلٹرا ایج کیمروں کا بھی استعمال کیا جائے گا۔
پاکستان میں موجود شائقین کرکٹ اس سیریز کے تمام میچز پی ٹی وی اسپورٹس ، پاکستان کے علاوہ جنوبی ایشیاء میں سونی،آسٹریلیا میں فوکس اسپورٹس، مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ میں اتصالات، کیریبین میں فلو اسپورٹس، نیوزی لینڈ میں اسکائے نیوزی لینڈ، یوکے میں اسکائے اسپورٹس، سب سہارا افریقہ میں سپر اسپورٹس اور شمالی امریکہ میں ولو ٹی وی پر براہ راست دیکھ سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ سیریز کے تمام میچز آئی سی سی ٹی وی اور درازلائیو اسٹریم ایپ پر بھی نشر کیے جائیں گے۔
اپنی رائے کا اظہار کریں