رضوان اور شان بن گٸے ملتان سلطانز کی پہچان, عمران و دھانی پکڑاٸی سے باہر
ملتان سلطانز نےایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کے پلے آف مرحلے میں رسائی حاصل کرلی
لاہور، 10 فروری 2022ء:
وینیو بدلا مگر ملتان سلطانز کی ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 میں جیت کی روایت نہ بدلی۔ دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز نے ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کے دوسرے مرحلے کے پہلے میچ میں پشاور زلمی کو 42 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں مسلسل چھٹی کامیابی حاصل کرلی ہے۔ دفاعی چیمپئن اب تک ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست ہے۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئےمیچ میں پشاور زلمی کی پوری ٹیم 183 رنز کے تعاقب میں 140 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ فاسٹ باؤلر بلیسنگ مزاربانی نے 18 رنز کے عوض تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔خوشدل شاہ نے بھی تین اور شاہنواز دھانی نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کےپانچ بیٹرز ہی ڈبل فگرز میں داخل ہوسکے۔ آلراؤنڈر شعیب ملک 44 رنز بناکر نمایاں رہے۔ ڈبل فگرز میں داخل ہونے والے دیگر بیٹرز میں لیام لیونگ اسٹون نے 24 ، بین کٹنگ نے 23 اور شیرفین ردرفورڈ نے 21 رنز اسکور کیے۔ ثاقب محمود 11 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
اس سے قبل پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا توان فارم اوپنرز شان مسعود اور محمد رضوان کی 98 رنز کی شراکت کی بدولت ملتان سلطانز نے مقررہ بیس اووورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے۔
شان مسعود نے 49 گیندوں پر ایک چھکے اور 8 چوکوں کی بدولت 68 رنز کی اننگز کھیلی۔ وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے 2 چوکوں کی مدد سے 34 رنز کی اننگز کھیلی۔ محمد رضوان کے پویلین واپس پہنچنے پر ملتان سلطانز کی بیٹنگ کی کمان ٹم ڈیوڈ نے سنبھال لی۔ انہوں نے 3 چھکوں اور 2 چوکوں کی بدولت 18 گیندوں پر 34 رنز بنائے۔
تینوں ٹاپ آرڈرز کی عمدہ کارکردگی کے باوجود ملتان سلطانز کے مڈل آرڈر زیادہ لمبی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور رائیلی روسو 15، خوشدل شاہ 11، انور علی ایک اور عباس آفریدی پانچ رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
سلمان ارشاد، وہاب ریاض اور ثاقب محمود نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔
– ENDS –
اپنی رائے کا اظہار کریں