سابق ٹیسٹ کرکٹر آفتاب بلوچ انتقال کر گٸے
آفتاب بلوچ کے انتقال پر پی سی بی کا اظہار افسوس
إِنَّا لِلّهِ وَإِنَّـا إِلَيْهِ رَاجِعونَ
پاکستان کرکٹ بورڈ نے آفتاب بلوچ کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ان کی عمر 69 سال تھی۔
آفتاب بلوچ نے 1969 میں ڈھاکہ میں نیوزی لینڈ کے خلاف 16 سال کی عمر میں ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا۔ وہ ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے چھٹے سب سے کم عمر کھلاڑی تھے۔
اپنے کیرئیر کے پہلے ٹیسٹ کی واحد اننگز میں 25 رنز بنانے والے آفتاب بلوچ نے دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ ویسٹ انڈیزکے خلاف لاہور میں کھیلا۔
انہیں 74-1973 ڈومیسٹک سیزن میں سندھ کے کپتان کی حیثیت سے بلوچستان کے خلاف کراچی میں 428 رنز کی یادگار اننگز کھیلنے پر یاد کیا جاتا رہے گا۔ انہوں نے مجموعی طور پر 172 فرسٹ کلاس میچز میں کُل 9171 رنز بنانے کے ساتھ ساتھ 223 وکٹیں بھی حاصل کیں۔
وہ پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے منیجر اور جونیئر سلیکٹر کے طور پر بھی خدمات انجام دیتے رہے۔ وہ ابھی ابھی سندھ کرکٹ ایسوسی ایشن کے رکن تھے۔
رمیز راجہ، چیئرمین پی سی بی:
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ آفتاب بلوچ کے انتقال کی خبر سن کر انہیں بہت دکھ ہوا، وہ اپنے دور کے مقبول ترین کرکٹرز میں شمار کیے جاتے تھے۔ نہ صرف انہیں آفتاب بلوچ کو ایکشن میں دیکھنے کا شرف حاصل ہوا بلکہ ان کے کیرئیر کے آخری ایام میں ان کے خلاف کرکٹ بھی کھیلی۔
رمیز راجہ کاکہنا ہے کہ آفتاب بلوچ ان کے مرحوم بھائی وسیم حسن راجہ کے قریبی دوست تھے۔ وہ انہیں کھیل کے میدان سے باہر بھی اچھی طرح جانتے تھے ۔ وہ ان کے کھیل سے لگاؤ کی ہمیشہ تعریف کرتے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس مشکل وقت میں وہ پی سی بی کی جانب سے آفتاب بلوچ کے اہل خانہ، قریبی دوستوں اور سندھ کرکٹ ایسوسی ایشن کے ارکان سے تعزیت کرتے ہیں۔
اپنی رائے کا اظہار کریں