بسمعہ معروف ورلڈکپ میں پاکستان ویمنز ٹیم کی قیادت کریں گی
بسمہ معروف آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ میں پاکستان کی قیادت کریں گی
لاہور، 24 جنوری2 202ء:
قومی خواتین کرکٹ کی سلیکشن کمیٹی نے آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ 2022 کے لیےپندرہ رکنی پاکستان ویمنز اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔ سلیکشن کمیٹی میں سابق کرکٹرز سلیم جعفر اور توفیق عمر شامل ہیں جبکہ اسماویہ اقبال چیئر آف ویمنز نیشنل سلیکشن کمیٹی ہیں۔
چار مارچ سے تین اپریل تک نیوزی لینڈ میں جاری رہنے والے ایونٹ میں قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی قیادت بسمہ معروف کریں گی۔ وہ بیٹی کی ولادت اور زچگی کی چھٹی مکمل کرکے اب دو سال بعد دوبارہ سبز جرسی اور کیپ پہن کر میدان میں اتریں گی۔ انہوں نے آخری مرتبہ آسٹریلیا میں کھیلے گئے آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ 2020 میں قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی قیادت کی تھی۔
پی سی بی کی پیٹیرنل پالیسی کے تحت بیٹی کی دیکھ بھال میں بسمہ معروف کی معاونت کے لیے ایک فرد بھی اسکواڈ کے ہمراہ نیوزی لینڈ روانہ ہوگا۔
قومی خواتین کرکٹ ٹیم کے اعلان کرد ہ اسکواڈ میں دو تبدیلیاں کی گئی ہے۔ لیگ اسپنر غلام فاطمہ اور تجربہ کار بیٹر ناہیدہ خان کی اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔ انہیں سعدیہ اقبال اور کائنات امتیاز کی جگہ اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ یہ دونوں کرکٹرز انجریز کے باعث سلیکشن کے لیے دستیاب نہیں تھیں۔
ان دونوں کے علاوہ تیسری کرکٹر ارم جاوید تھیں جو آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ کوالیفائر میں قومی خواتین اسکواڈ کا حصہ تھیں تاہم انہیں ورلڈکپ کے لیے ٹریولنگ ریزرو میں شامل کیا گیا ہے۔باقی دوکرکٹرز طوبہٰ حسن اور وکٹ کیپر نجیہ علوی بھی ٹریولنگ ریزرو کی حیثیت سے اسکواڈ کے ہمراہ سفر کریں گی۔
آلراؤنڈر ندا ڈار کو آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ 2022 کے لئے اعلان کردہ قومی خواتین کرکٹ ٹیم کا نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے۔
اسکواڈ:
بسمہ معروف (کپتان)، ندا ڈار (نائب کپتان)، ایمن انور، عالیہ ریاض، انعم امین، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثناء، غلام فاطمہ، جویریہ خان، منیبہ علی، ناہیدہ خان، نشرہ سندھو، عمیمہ سہیل، سدرہ امین اور سدرہ نواز(وکٹ کیپر)
ٹریولنگ ریزرو: ارم جاوید، نجیہ علوی (وکٹ کیپر) اور طوبہٰ حسن
اسپورٹ اسٹاف: عائشہ جلیل (ٹیم منیجر)، ڈیوڈ ہیمپ (ہیڈ کوچ)، ارشد خان (اسسٹنٹ کوچ)، کامران حسین (اسسٹنٹ کوچ)، صبور احمد (اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشنگ کوچ)، زبیر احمد (ویڈیو اینالسٹ)، احسن افتخار ناگی (میڈیا اینڈ ڈیجیٹل کنٹنٹ مینیجر) اور رفعت گل (فزیو تھراپسٹ)
اسماویہ اقبال، چیئر آف ویمنز نیشنل سلیکشن کمیٹی :
چیئر آف ویمنز نیشنل سلیکشن کمیٹی اسماویہ اقبال کا کہنا ہے کہ وہ آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کے اسکواڈ کا حصہ بننے والی تمام کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کرتی ہیں۔انہوں نےکھلاڑیوں کی حالیہ فارم اور ٹیم کے توازن سمیت نیوزی لینڈ کی کنڈیشنز کو پیش نظر رکھتے ہوئے ورلڈکپ کے لیے قومی خواتین اسکواڈ کا اعلان کیا ہے۔
اسماویہ اقبال نے کہا کہ انہوں نے کھلاڑیوں کی اکثریت کو برقرار رکھتے ہوئے ناہیدہ خان اور غلام فاطمہ کو اسکواڈ میں شامل کیا ہے۔ہر ٹیم کو گلوبل ایونٹ میں تجربے کی ضرورت ہوتی ہے اور ان فارم بیٹر ناہیدہ خان ایک تجربہ کار کرکٹر ہیں۔ غلام فاطمہ نے حال ہی میں کراچی میں منعقدہ کیمپ میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا ہے۔ایک لیگ اسپنر کی حیثیت سے وہ کپتان بسمہ معروف کے لیے ایک جارحانہ آپشن ہوں گی۔
بسمہ معروف، کپتان قومی خواتین کرکٹ ٹیم:
قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف کا کہناہے کہ اپنے ملک کی قیادت کرنا ان کے لیے بڑا اعزاز ہے۔ وہ ایک مرتبہ پھر کرکٹ کے میدان میں واپسی پر بہت پرجوش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ پریکٹس میچز بہت مسابقتی تھے جو ان سمیت اسکواڈ میں شامل تمام کھلاڑیوں کے لیے بہت سودمند ثابت ہوئے ہیں۔ ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں پہنچنا ان کا ہدف ہے اور اس ٹیم کے پاس یہ صلاحیت موجود ہے۔
نیشنل ویمنز اسکواڈ 27 فروری سے کراچی میں دس روزہ کیمپ کا آغاز کرے گا۔ اسکواڈ 8 فروری کو نیوزی لینڈ روانہ ہوگا۔
آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ 2022 میں پاکستان کے میچز:
6 مارچ : پاکستان بمقابلہ بھارت بمقام بے اوول، ترنگا
8 مارچ: پاکستان بمقابلہ آسٹریلیا بمقام بے اوول، ترنگا
11 مارچ : پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقہ بمقام بے اوول، ترنگا
14 مارچ : پاکستان بمقابلہ بنگلہ دیش بمقام سیڈون پارک، ہملٹن
21 مارچ : پاکستان بمقابلہ ویسٹ انڈیز بمقام سیڈون پارک، ہملٹن
24 مارچ: پاکستان بمقابلہ انگلینڈبمقام ہیگلے اوول کرائسٹ چرچ
26 مارچ : پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈبمقام ہیگلے اوول کرائسٹ چرچ
اپنی رائے کا اظہار کریں