کون کون ہوگا PSL کے دوران کمنٹیٹر
نک نائٹ اور مائیک ہیزمین پہلی مرتبہ ایچ بی ایل پی ایس ایل میں کمنٹری کریں گے
• ڈیوڈ گاور،وقار یونس، ثناء میر، ڈینی موریسن، پومی ایمبینگوا اور بازید خان بھی کمنٹری پینل کا حصہ
• 30ایچ ڈی کیمروں پر مشتمل براڈکاسٹ پلان بھی تیار
• ایونٹ کی آن لائن ٹکٹ کرکٹ ڈاٹ بک می ڈاٹ پی کے اورایم اینڈ پی اسٹورز سے خریدی جاسکتی ہیں
• ایونٹ کا درست نام “ایچ بی ایل پی ایس ایل” ہے۔ تمام میڈیا ہاؤسزکو ہدایت کی جاتی ہے کہ اپنے نیوز بلیٹنز، ہیڈ لائنز اور تحریروں میں ایونٹ کا درست اور مکمل نام استعمال کریں
کراچی، 22 جنوری 2022ء:
پاکستان کرکٹ بورڈ نے 27 جنوری سے 27 فروری تک جاری رہنے والی ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کے لیے سابق کھلاڑیوں اور ممتاز کمنٹیٹرز سے بھرے کمنٹری پینل کا اعلان کردیا ہے۔
یہ پہلا موقع ہے کہ جب انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے سابق کرکٹرز اور معروف کمنٹیٹرز بالترتیب نک نائٹ اور مائیک ہیزمین ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ میں کمنٹری کی ذمہ داریاں ادا کریں گے۔مائیک ہیزمین حال ہی میں جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان اور نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں بھی کمنٹری کرنے پاکستان آچکے ہیں۔
ان کے علاوہ انگلینڈ کے سابق کپتان اور موجودہ کمنٹیٹر ڈیوڈ گاور ایچ بی ایل پی ایس ایل میں دوسری مرتبہ کمنٹری کرنے آرہے ہیں۔ وہ کراچی میں کھیلے جانے والے لیگ کے پہلے مرحلے میں کمنٹری کریں گے۔ ان کی جگہ نیوزی لینڈ کے سابق فاسٹ باؤلر ڈینی موریسن قذافی اسٹیڈیم کے کمنٹری باکس میں موجود ہوں گے۔ زمبابوے کی معروف آواز پومی ایمبینگوا بھی لیگ کے پہلے مرحلے کے لیے دستیاب ہوں گے۔
غیرملکی ستاروں کے علاوہ پاکستان کے سابق کرکٹرز اور ممتاز کمنٹیٹرز بھی نیشنل اسٹیڈیم کراچی اور قذافی اسٹیڈیم لاہور میں جاری لائیو ایکشن پر تبصرہ کرنے کے لیے کمنٹری باکس کا حصہ ہوں گے۔
سابق کھلاڑیوں وقار یونس،بازید خان، ثناء میر، عروج ممتاز، مرینہ اقبال کے علاوہ اردو کمنٹری میں پاکستان کی موجودہ پہچان طارق سعید بھی لیگ میں کمنٹری کے فرائض انجام دیں گے۔
ایونٹ کی کوریج کے دوران 30 ایچ ڈی کیمروں کا استعمال کیا جائے گا۔اس دوران دنیا بھر موجود ناظرین کے لیے بگی اور ڈرون کیمرے کےذریعے کرکٹ کے خوبصورت اور دلکش مناظربھی عکس بند کیے جائیں گے۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 میں ایرن ہالینڈ کی بحیثیت پریینٹر لیگ میں واپسی ہوئی ہےجبکہ زینب عباس اور سکندر بخت کی جوڑی پری میچ اور پوسٹ میچ شوز کی میزبانی کرے گی۔
پاکستان میں موجود کرکٹ فینز پی ٹی وی اسپورٹس اور اے اسپورٹس جبکہ شمالی امریکہ میں وِلو ٹی وی، افریقہ میں سپر اسپورٹس، کیریبین میں فلو اسپورٹس، یوکے اور نیوزی لینڈ میں اسکائے اسپورٹس پر ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کے میچز براہ راست ملاحظہ فرماسکتے ہیں۔
اپنی رائے کا اظہار کریں