یوم قاٸد پر پاکستان انڈر 19 کا تحفہ ۔ بھارت کو پچھاڑ دیا
انڈر 19 ایشیاکپ میں پاکستان نے بھارت کو 2 وکٹوں سے ہرا دیا
دبئی، 25 دسمبر 2021ء:
اے سی سی مینز انڈر 19 ایشیا کپ میں پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد بھارت انڈر 19 کرکٹ ٹیم کو 2 وکٹوں سے شکست دے دی. محمد شہزاد 81 رنز اور ذیشان ضمیر 5 وکٹیں حاصل کرکے نمایاں رہے.
میچ کی آخری گیند پر پاکستان انڈر 19 کو جیت کے لیے 2 رنز درکار تھے کہ احمد خان نے چوکا لگا کر ٹیم کو فتح دلادی. انہوں نے 3 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 19 گیندوں پر 29 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی.
پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم نے 238 رنز کا ہدف میچ کی آخری گیند پر 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا. پاکستان کے محمد شہزاد نے 105 گیندوں پر 5 چھکوں اور 4 چوکوں کی بدولت 81 رنز کی اننگز کھیلی.
محمد عرفان نیازی 32 اور رضوان محمود 29 رنز بناکر آؤٹ ہوئے. بھارت کے راج ناد باوا نے چار وکٹیں حاصل کیں.
اس سے قبل فاسٹ باؤلر ذیشان ضمیر کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت بھارت انڈر 19 کرکٹ ٹیم 49 اوورز میں 237 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی. ذیشان ضمیر نے 60 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی.
اویس علی نے 2 جبکہ معاذ صداقت اور قاسم اکرم نے ایک ایک وکٹیں حاصل کیں.
بھارت انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر آرادھیا یادیو 50 اور ہرنور پنوں 46 رنز بنا کر نمایاں رہے.
محمد شہزاد مین آف دی میچ
اپنی رائے کا اظہار کریں