خوشدل شاہ نے حفیظ کی سنچری پر پانی پھیرتے ہوٸے فتح چھین لی
Keepسینچری میکر محمد حفیظ کے ٹائیگرز چت ہوگئے
میرپور رائلز کی ریکارڈ ہدف تک کامیاب رسائی
میرپور رائلز نے پلے آف مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا
خوشدل شاہ کی برق رفتار اور فتح گر نصف سنچری
میرپور رائلز کیلئے یہ مقابلہ ناک آوٴٹ میچ بن گیا تھا کیونکہ شکست کی صورت میں باغ اسٹالیئنز چوتھی پوزیشن پر براجمان ہوکر پلے آف میں جگہ بنا لیتی۔ مظفرآباد ٹائیگرز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور کپتان محمد حفیظ کی فارم میں واپسی نے میرپور رائلز کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ محمد حفیظ نے ذیشان اشرف کے ساتھ مل کر میرپور رائلز کے بولرز کا پھرکس نکال دیا۔ نو اوورز میں مظفرآباد ٹائیگرز تین ہندسوں تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے۔ ذیشان اشرف ایک رن کی کمی سے اپنی ففٹی مکمل نہ کرسکے مگر 27بالز پر چار چوکے اور اتنے ہی چھکے لگانے والے کھبے بیٹسمین نے شائقین کو محظوظ ضرور کیا۔ صہیب مقصود 11 رنز ہی بنا سکے لیکن محمد حفیظ نے میرپوررائلز کی بولنگ کو تہس نہس کرکے رکھ دیا۔ حفیظ نے پانچ چوکوں کے ساتھ دس بلند و بالاچھکے لگاتے ہوئے محض 55گیندوں پر 110رنز کی یادگار اننگز کھیل ڈالی اور مظفرآباد ٹائیگرز کے دوسرے بیٹسمین بن گئے جنہوں کشمیر پریمیئر لیگ میں تین ہندسوں تک رسائی حاصل کی۔ انور علی (22) اور محمد وسیم جونیئر (19) نے مزید لوٹ مار کرتے ہوئے اننگز کے اختتام پر مظفرآباد ٹائیگرز کو 227/6تک پہنچا دیا جو ٹورنامنٹ میں سب سے بڑے مجموعے کا نیا ریکارڈ بھی ہے۔ میرپور رائلز کی جانب سے سلمان ارشاد، شاداب مجید اور عماد بٹ نے دو دو کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔
پہاڑ جیسے مجموعے کے تعاقب میں مختار احمد اور شرجیل خان نے پاور پلے میں 45رنز کا آغاز فراہم کیا۔ شرجیل خان دوچوکوں اورایک چھکے کے ساتھ 21 جبکہ مختار احمد 25بالز پر 29رنز بنا کر آوٴٹ ہوئے جس میں دو چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔ کپتان شعیب ملک اور محمد اخلاق نے بھی رنز کی رفتار میں اضافہ کیا۔ شعیب ملک نے 28 گیندیں صرف کرتے ہوئے پانچ چوکوں اور ایک چھکے کے ساتھ 46رنز بنائے۔ محمد اخلاق نے محض 18 بالز پر سات مرتبہ گیند کو باوٴنڈری کے پار بھیجا اور ایک چھکا بھی لگاتے ہوئے 42 رنز کی گراں قدر اننگز کھیلی مگر خوشدل شاہ نے تو میلہ لوٹ لیا جنہوں نے آخری پانچ اوورز میں درکار 72رنز کو اس انداز میں ممکن بنایا کہ میرپور رائلز نے آخری اوور میں باآسانی ریکارڈ ہدف تک کامیاب رسائی ممکن بنا دی۔ خوشدل شاہنے 56* رنز کی طوفانی اننگز کھیلی جو صرف 22 گیندوں کی محتاج تھی اور اس اننگز میں آٹھ چوکوں کے ساتھ تین چھکے بھی شامل تھے جبکہ حسان خان (12*) نے ایک چوکا اور چھکا لگاتے ہوئے اختتامی لمحات میں اپنا کردار بخوبی نبھایا۔20ویں اوور کی چوتھی گیند پر 231/5کے ساتھ میرپور رائلز نے پلے آف کیلئے بھی کوالیفائی کرلیا۔
اپنی رائے کا اظہار کریں