شکست نے شکیل سعود کا جوش بھی ٹھنڈا کردیا
لندن(سپورٹس ڈیسک) شکست نے شکیل سعود کا جوش بھی ٹھنڈا کردیا، وہ کہتے ہیں کہ اگر ٹیم جیت جاتی تو لارڈز میں میری پرفارمنس یادگار بن جاتی، میچ سبق آموز رہا، تجربات سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کروں گا۔
تابی لیکس کی رپورٹ کے مطابق سعود شکیل نے انگلینڈ کے خلاف دوسرے ون ڈے میں اپنے کیریئر کی پہلی وکٹ حاصل کرنے کے بعد 56 رنز بھی بنائے مگر ٹیم کی شکست نے ان کی خوشی کو کرکرا کردیا۔
ان کا کہنا تھا کہ میرا انٹرنیشنل ڈیبیو کارڈف میں ہوا مگر لارڈز میں کھیلنے کیلیے پرجوش تھا، کم عمری سے اس تاریخی وینیو پر کرکٹ شوق سے دیکھتا تھا، کئی مرتبہ یہاں پر کاؤنٹی کرکٹ کے ابتدائی میچز دیکھنے کیلیے نیٹ سیشن بھی چھوڑے، یہاں پر میچ کھیلنا کسی اعزاز سے کم نہیں تھا، جب مجھے بیٹنگ کے لیے کریز پر جانا تھا تو پاکستان کی پوزیشن زیادہ اچھی نہیں تھی، ہیڈ کوچ مصباح الحق نے زیادہ دیر کریز پر ٹھہرنے کی ہدایت کی تاکہ دباؤ کم ہو اور رنز بننا شروع ہوں۔
یہی بات کریز پر پہنچنے پر فخر زمان نے ان سے کہی، ان کا کہنا تھا کہ ابھی گیند سیم ہورہا ہے اور ہمیں 5اوورز تک اس میچ کو چار روزہ کرکٹ اسٹائل میں کھیلنا ہے تاکہ دباؤ کم ہو، نوجوان بیٹسمین نے کہا ہے کہ بیٹنگ کے لیے میدان میں اترنے سے قبل خود کو چوکنا رکھنے کے لیے ڈریسنگ روم میں واک کرتا رہتا ہوں، کبھی گلوز او رہیلمٹ پہنتا اور اتارتا ہوں تاکہ توجہ میچ پر رہے۔
سعود شکیل نے مزید کہا کہ میچ کو لمبا لے کر جانے کی ہر ممکن کوشش کی مگر دوسرے اینڈ سے وکٹیں گرنے کے باعث پاکستان میچ نہیں جیت سکا تاہم یہ مقابلہ میرے لیے بہت سبق آموز رہا، کوشش کروں گا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کے تجربات سے فائدہ اٹھاؤں۔
اپنی رائے کا اظہار کریں