پی سی بی اور شاہد آفریدی فائونڈیشن ایک پیج پر
لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنی سماجی ذمہ داریوں کا ادراک کرتے ہوئے شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کے ساتھ معاہدے میں مزید دو سال کی تجدید کر دی ہے۔ ایس اے ایف مزید دو سال کے لیے پی سی بی کا چیریٹی پارٹنر رہے گا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے 2019 میں شاہد آفریدی فاؤنڈ یشن کے ساتھ دو سال کے لیے معاہدہ کیا تھا۔
تابی لیکس کی رپورٹ کے مطابق شاہد آفریدی فاؤنڈیشن آئی سی سی ایونٹس کے علاوہ پی سی بی کا شراکت دار ہے، ماضی میں ایس اے ایف کا لوگو پاکستان مینز کرکٹ ٹیم کی کٹس پر نمایاں طور پر موجود رہ چکا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ برٹش ایشین ٹرسٹ کے ساتھ مل کر ذہنی صحت کے مسائل اجاگر کرنے کے اقدامات اور پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے لیے پاکستان پولیو ایراڈیکیشن پروگرام کے ساتھ مل کر کام کر ے گا۔
شاہد آفریدی فاؤنڈیشن 2014 میں قائم کی گئی تھی جس کا مقصد معاشرے میں بہتر حالات پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ غریب اور بے سہارا افراد کے لیے کام کرنا تھا۔ شاہد آفریدی فاونڈیشن صحت، تعلیم اور صاف پانی کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔
بابر حمید کا کہنا ہے کہ وہ شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کے ساتھ پارٹنر شپ میں مزید دو سال کی توسیع پر بہت خوش ہیں۔ انہوں نےکہا کہ شاہد آفریدی فاؤنڈیشن نے خود کو پاکستان کی ایک نمایاں چیریٹی فاؤنڈیشن کے طور پر منوایا ہے اس تنظیم نے پورے ملک میں غریب اور نادار افراد کے لیے کام کیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ پی سی بی اس پارٹنر شپ کے ذریعے چیریٹی کے فروغ کے لیے کام کر رہا ہے۔ہم ایس اے ایف کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ وہ پورے پاکستان میں لاکھوں لوگوں کے لیے روشنی کی کرن بنے رہیں گے۔
شاہدآفریدی نے کہا کہ مجھے فخر ہے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ میری پارٹنر شپ کھیل کے کیرئیر سے آگے بڑھ چکی ہے ،اس لیے پاکستان کرکٹ بورڈ شاہدآفریدی فاؤنڈیشن کے ساتھ مزید دو سال کے لیےتعاون کو جاری رکھے گا۔
شاہد آفریدی نے فاؤنڈیشن کے مقاصد کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ فاؤنڈیشن اپنے ملک کے لوگوں کی فلاح اور بہتری کے لیے کام کو جاری رکھے گی۔اس عظیم مقصد میں پاکستان کے قومی ہیروز بھی ہمارے ساتھ شامل ہیں۔
اپنی رائے کا اظہار کریں