پہلا ون ڈے:بابر الیون ناکام،انگلینڈ کی 9وکٹوں سے فتح
کارڈف (سپورٹس ڈیسک)پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان جاری 3 میچز کی ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں میزبان انگلینڈ کے سامنے بابر الیون ناکام ہوگئی اور 9 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا
کارڈف میں میچ میں میزبان ٹیم کے کپتان نے ٹاس جیت کر قومی ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس پر مہمان ٹیم 35.2 اوورز میں 141 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
قومی ٹیم کی اننگز کا آغاز ہی اچھا نہ رہا، بائیں ہاتھ کے بیٹسمین امام الحق میچ کی پہلی ہی گیند پر ثاقب محمود کے ہاتھوں آؤٹ ہوگئے ۔
نئے آنے والے بیٹسمین کپتان بابر اعظم بھی پہلے ہی اوور میں کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ ہو گئے جس کے بعد یکے بعد دیگرے وکٹیں گرتی رہیں۔
اس موقع پر فخر زمان نے مزاحمت کی کوشش کی تاہم وہ بھی 47 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔
دیگر بلے بازوں میں شاداب خان 30، محمد رضوان 13، سعود شکیل 5 اور صہیب مقصود 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ حسن علی 6 ، سعود شکیل اور فہیم اشرف 5،5 رنز بناسکے۔
انگلینڈ کی جانب سے ثاقب محمود نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
خیال رہے کہ انگلینڈ کے اسکواڈ میں کورونا کیسز کی تشخیص کے بعد کھلاڑیوں سمیت پورے سپورٹ اسٹاف کو تبدیل کردیا گیا تھا جس کی وجہ سے انگلینڈ کی ٹیم نا تجربہ کار کھلاڑیوں کی ٹیم میں شمولیت سے تھوڑی کمزور نظر آرہی تھی لیکن اس نے بھی پاکستانی ٹیم کو ناکوں چنے چبوادیے۔
قومی ٹیم میں امام الحق، فخر زمان ،بابر اعظم ،محمد رضوان ،سعود شکیل ،صہیب مقصود ، شاداب خان ،فہیم اشرف ،حسن علی ، شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف شامل ہیں۔
اپنی رائے کا اظہار کریں