کشمیر پریمیئر لیگ پی ایس ایل فرنچائزز کی آنکھوں میں کھٹکنے لگی
کراچی(سپورٹس ڈیسک)کشمیر پریمیئر لیگ کا انعقاد پی ایس ایل فرنچائزز کی آنکھوں میں کھٹکنے لگا اوراپنے تحفظات کا اظہار کرنے کیلئے چیئرمین پی سی بی احسان مانی کو خط بھی لکھ دیا۔
تابی لیکس کی رپورٹ کےمطابق کشمیر پریمیئر لیگ کا انعقاد اگست میں مظفرآباد میں ہو رہا ہے،گذشتہ روز پی ایس ایل کی تمام 6 فرنچائزز نے مشترکہ طور پر چیئرمین پی سی بی احسان مانی کو ای میل میں کے پی ایل کے انعقاد اور بورڈ کی جانب سے اجازت پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
ٹیم مالکان کے مطابق ہم نے ایونٹ کے حوالے سے کئی بار اپنی تشویش سے آگاہ کیا اب آپ کے سامنے مشترکہ احتجاج ریکارڈ کرا رہے ہیں، جب پی ایس ایل کے قیام کیلئے ہم پی سی بی سے ملے تو ہمیں یقین دلایا گیا تھا کہ یہ ملک کا واحد ٹی 20 ٹورنامنٹ ہوگا، مگر اب ایک اور لیگ کے انعقاد اور ملکی و غیرملکی کرکٹرز کو شمولیت کی اجازت دے دی، بالکل پی ایس ایل کے انداز میں ڈرافٹ کا انعقاد کیا گیا، کے پی ایل کو منی پی ایس ایل سمجھا جائے گا، قومی ٹی 20 کپ پہلے ہی ڈومیسٹک کیلنڈر کا حصہ ہے، اب کے پی ایل کا انعقاد پی ایس ایل کی قدر کو کم کردے گا،اس سے ہمیں بھی سپانسرز وغیرہ کے حصول میں مشکلات ہوں گی۔
مالکان نے کہا کہ یقیناً پی سی بی بھی اس ایونٹ سے پی ایس ایل کو پہنچنے والے متوقع نقصان سے آگاہ ہوگا، پاکستان کرکٹ بورڈ پی ایس ایل کا نگراں ادارہ ہے، اپنے پریمیئر ایونٹ کا تحفظ اسی کی ذمہ داری ہے۔
فرنچائز مالکان نے احسان مانی سے درخواست کی کہ وہ ذاتی طور پرمعاملے کو دیکھیں اور کے پی ایل کیلئے جاری کردہ اجازت ناموں پر ازسرنو غور کیا جائے۔
اپنی رائے کا اظہار کریں