سینٹرل کنٹریکٹ،پروفیسر جگہ نہ بناسکے،چیمپئنز ٹرافی کے فاتح کپتان سرفراز کی مزید تنزلی
لاہور(سپورٹس ڈیسک)پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ سینٹرل کنٹریکٹ میں پروفیسر جگہ نہ بناسکے جبکہ سابق کپتان سرفراز احمد کی مزید تنزلی ہو گئی۔
تابی لیکس کے مطابق پی سی بی کے مطابق 20 قومی کرکٹرز کو سینٹرل کنٹریکٹ دیا گیا ہے اور کنٹریکٹ میں تین مختلف کیٹیگریز اور ایمرجنگ کرکٹرز کو شامل کیا گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے اعلان کردہ سینٹرل کنٹریکٹ میں صرف 4 کھلاڑی کیٹیگری اے میں جگہ بناسکے ہیں جن میں بابر اعظم، حسن علی، محمد رضوان اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں۔
پی سی بی کی جانب سے بعض اہم کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ نہیں دیا گیا جن میں کرکٹ کے پروفیسر کہلائے جانے والے سینئر کرکٹر محمد حفیظ بھی شامل ہیں۔
اس کے علاوہ اسد شفیق، حیدر علی، حارث سہیل، افتخار احمد، عماد وسیم، محمد عباس، نسیم شاہ، شان مسعود اور عثمان شنواری کو بھی سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل نہیں کیا گیا۔
چیمپئنز ٹرافی 2017 کی فاتح پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کی سینٹرل کنٹریکٹ میں بتدریج تنزلی جاری ہے اور 5 برس پہلے وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز اے کیٹیگری میں شامل ہوئے جو اب سی کیٹیگری میں جا پہنچے ہیں۔
سرفراز احمد کی گزشتہ برس اے سے بی کیٹیگری میں تنزلی ہوئی تھی اور اب وہ سی کیٹیگری میں عابد علی، امام الحق، حارث رؤف، محمد حسنین، محمد نواز اور نعمان علی کے ساتھ شامل ہیں۔
سرفراز احمد گزشتہ سیزن میں ایک ون ڈے میچز اور 2 ٹی ٹوئنٹی میچز ہی پاکستان کی جانب سے کھیل سکے تھے۔ انہوں نے گزشتہ برس انگلینڈ کے خلاف سیریز میں ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جس کے بعد انہیں 25 اپریل کو ہرارے میں زمبابوے کے خلاف موقع دیا گیا۔
سرفراز نے ون ڈے میچ 7 اپریل کو سینچورین میں جنوبی افریقا کے خلاف کھیلا اور اس دوران انہیں کسی ٹیسٹ میچ میں موقع نہیں ملا جب کہ سرفراز نے آخری ٹیسٹ میچ جنوری 2019 میں جنوبی افریقا کے خلاف کھیلا تھا۔
پی سی بی ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ سرفراز احمد اس وقت وکٹ کیپر ہیں اس لیے انہیں سی کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔
اپنی رائے کا اظہار کریں